کچھ سیاسی جماعتیں الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کر رہی ہیں، شرجیل میمن

واحد پیپلز پارٹی ہے جو ماحول کو سازگار بنانے کا کہتی ہے تاکہ نفرتوں کی سیاست ختم ہو،میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 9 دسمبر 2023 17:12

کچھ سیاسی جماعتیں الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کر رہی ہیں، شرجیل میمن
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2023ء) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی جماعتیں الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ ہم شیڈول کا انتظار کر رہے ہیں۔شرجیل میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی کا زور رہا ہے کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں لیکن کچھ جماعتوں کو الیکشن سوٹ نہیں کرتا ان کا فوکس جان چھڑانے پر ہے، پہلے بھی سیاسی جماعتیں بلدیات کے الیکشن سے بھاگتی رہیں، واحد پیپلز پارٹی ہے جو ماحول کو سازگار بنانے کا کہتی ہے تاکہ نفرتوں کی سیاست ختم ہو۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کو خرید لیا ہے، بانی پی ٹی آئی یہ کرتا رہا کہ جو ادارہ اسکی ڈکٹیشن پر نہ چلے اسے متنازعہ بنا دو، ایم کیو ایم کے جو الزامات ہیں اس پر تحقیقات ہونی چاہییں، پیپلز پارٹی سیاسی اختلافات کو دشمنی بنانے سے گریز کی بات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی لسانیت اور فرقہ واریت کی سیاست کو ختم کرنے کی بات کر رہی ہے، ہم عوام میں ہیں اور مختلف صوبوں سے لوگ شامل ہو رہے ہیں، لوگ سمجھتے ہیں پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو پورے ملک کو ساتھ لے کر چل سکتی ہے جبکہ دیگر جماعتوں نے آپس میں ریڈ لائنز قائم کر رکھی ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پی ڈی ایم پی پی نے بنائی تھی جس کا مقصد نکالنے کے بعد پی پی کو ہی سائیڈ لائن کیا گیا، تھونپا گیا شخص جس نے معیشت اور اخلاقیات کو تباہ کیا، بانی پی ٹی آئی کو ہٹانے کی حکمت عملی بھی صرف پی پی کے ہی پاس تھی۔انہوں نے کہا کہ کچھ موقع پرست لوگ ہیں انہیں ہر چیز پلیٹ میں پیش ہوگی ماحول ٹھنڈا ہوگا تو آ جاتے ہیں، پی پی نے کبھی یہ سیاست نہیں کی ہر چیز پلیٹ میں پیش کی جائے، بلاول بھٹو کہہ چکے کسی پارٹی سے لڑائی نہیں غربت اور معاشی حالات سے ہے۔