ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو کہتے ہیں نوازشریف کو ریلیف دیا جارہا ہے

اڈیالہ جیل میں بیٹھے شخص نے نوازشریف کیخلاف سازش میں سہولت کاری کی، آج وہ اپنے اعمال کی سزا بھگت رہا ہے، نواز شریف کو چور کہنے ولے نے تاریخ کی سب سے بڑی چوریاں کیں۔ چیف آرگنائزر(ن) لیگ مریم نواز

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 9 دسمبر 2023 19:01

ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو کہتے ہیں نوازشریف کو ریلیف دیا جارہا ہے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 دسمبر 2023ء) چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو کہتے ہیں نوازشریف کو ریلیف دیا جارہا ہے، اڈیالہ جیل میں بیٹھے شخص نے نوازشریف کیخلاف سازش میں سہولت کاری کی، آج وہ اپنے اعمال کی سزا بھگت رہا ہے، نوازشریف کو چور کہنے والا تاریخ کی سب سے بڑی چوریاں کرتے پکڑا گیا۔

انہوں نے جلالپورجٹاں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو چور کہنے والا تاریخ کی سب سے بڑی چوریاں کرتے پکڑا گیا، القادر ٹرسٹ کیس کے بارے سب جانتے ہیں عوام کے خون پسینے کی کمائی اس شخص کی جیب میں گئی، نوازشریف وہ شخص ہے جس کو اس کے دشمنوں اور مخالفین نے کہا کہ اس کی سیاست اب ختم ہوگئی ہے، کہا تھا نوازشریف تاریخ کا حصہ بن گیا ہے اور کہا تھا نوازشریف اب کبھی واپس نہیں آئے گا، اس کے خلاف سازش کرنے والا گروہ اس دن ٹی وی سکرینز پر دیکھ رہا ہوگا کہ نوازشریف کو اللہ تعالیٰ کس عزت اور شان سے اپنے وطن لیکر آیا، 21 اکتوبر کو مینارپاکستان پر وہ سازشی بھی دیکھ رہے تھے کہ نوازشریف کتنی شان وشوکت سے واپس آئے، ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو کہتے ہیں نوازشریف کو ریلیف دیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ جو آج جیل میں بیٹھ کر اپنے کیے کی سزا بھگت رہا ہے وہ نوازشریف کو چور کہا کرتا تھا تقریروں میں نوازشریف پر چوری کے الزام لگانے والا کبھی عدالت نہیں گیا کیونکہ اس کو پتہ تھا کہ وہ جھوٹ بول رہا ہے، اڈیالہ جیل میں بیٹھے شخص نے نوازشریف کے خلاف سازش میں سہولت کاری کی، جو جیل میں اپنے اعمال کی سزا بھگت رہا ہے اس کا نام بھی نہیں لینا چاہتا۔

مریم نواز نے کہا کہ انشاءاللہ 8 فروری کو گجرات , جلالپور جٹاں اور پورے پاکستان سے شیر جیتے گا۔ آپ نوازشریف کا استقبال کرنے صرف اس لیے نہیں آئے کہ نوازشریف نے آپ کی اور پاکستان کی خدمت کی ہے، نوازشریف نے موٹرویز بنائیں، بجلی کے کارخانے بنائے، سڑکوں کے جال بچھائے، اورنج لائن بنائی، سی پیک بنایا آپ اس لیے آئے تھے کہ آپ نے اس ملک کا مستقبل بھی اور اپنا مستقبل بھی نوازشریف سے جوڑ دیا ہے۔

نوازشریف کا سیاسی سفر آسان نہیں تھا پچھلے 22، 23 سالوں میں ڈھائی سال جیل کاٹی، 11 سال نوازشریف نے جلا وطنی کاٹی، عدالتوں کے چکر تب بھی لگائے آج بھی لگا رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے نوازشریف نے اربوں کھربوں روپے کے آپ کی خدمت کے منصوبے لگائے، کیا کبھی کسی ایک منصوبے پر بھی نوازشریف پہ کرپشن کا الزام لگا؟ مریم نواز نے کہا کہ آج کل لیول پلیئنگ فیلڈ کا شور سن رہی ہوں، نوازشریف سے لیول پلیئنگ فیلڈ مانگنے والو! نوازشریف نے گیارہ سال جلاوطنی بھگتی، ڈھائی سال جیل کاٹی، بیٹی کو جیل میں سامنے گرفتار کیا، جلاوطنی میں باپ اور ماں کا انتقال ہوجاتا ہے، قید میں بیوی کی وفات کا سنتا ہے، بائیس سال میں صرف ایک الیکشن لڑنے دیا گیا وہ بھی عوام نے جتواکر وزیراعظم بنایا، نوازشریف کے مقابلے میں یہ والی لیول پلیئنگ فیلڈ چاہیے ؟