پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن سے بلے کے انتخابی نشان کا سرٹیفکیٹ فوری جاری کرنے کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف کو دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں امتیازی سلوک کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 دسمبر 2023 11:53

پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن سے بلے کے انتخابی نشان کا سرٹیفکیٹ فوری جاری ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 دسمبر 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے بلے کے انتخابی نشان کا سرٹیفکیٹ فوری جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کا الیکشن کمیشن سے بلا تاخیر پارٹی سرٹیفکیٹ شائع کرنے کا مطالبہ کیا ہے، اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی آئینی جمہوریت میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا مطلب انتخابی عمل میں تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت ہے، سیاسی جماعت کا انتخابی نشان اس عمل کی نشاندہی کرتا ہے۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں امتیازی سلوک کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیئے، یہ ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے، اس لیے میں الیکشن کمیشن سے بلا تاخیر پارٹی سرٹیفکیٹ شائع کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریاں تیز کر دی ہیں، الیکشن کمیشن کا جلد ہی ڈی آر اوز اور آر اوز کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا امکان ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے سروسز سیکرٹریز سے افسران کے سروس ریکارڈ حاصل کرکے جائزہ لے لیا۔

معلوم ہوا ہے کہ عام انتخابات میں 142 ڈی آر اوز اور 859 آر اوز تعینات کیے جائیں گے، الیکشن کمیشن قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں الگ الگ ریٹرننگ افسر تعینات کرے گا، ڈی آر اوز اور آر اوز کو اگلے ہفتے ٹریننگ دی جائے گی، انتخابی افسران کو ٹریننگ ماسٹر ٹرینڈرز دیں گے، ڈی آر اوز کو صوبائی الیکشن کمیشن میں ٹریننگ دی جائے گی۔