بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے، نگران وزیراعظم

انوار الحق کاکڑ کی خضدار میں دھماکے کی شدید مذمت، شہید کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور بلندی درجات کی دعا کی، انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن طبی امداد دینے کی ہدایت کی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 دسمبر 2023 16:30

بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 دسمبر 2023ء ) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے خضدار میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ اتوار کے روز وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے دھماکے میں سی ٹی ڈی ایس ایچ او محمد مراد کی شہادت پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کر نے والے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے شہید کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور بلندی درجات کی دعا کی، انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن طبی امداد دینے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان کے علاقہ خضدار میں ہونے والے دھماکے میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی جاں بحق ہوگئے، خضدار میں سلطان ابراہیم خان روڈ پر دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے، پولیس حکام نے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ خضدار کے ایس ایچ او سی ٹی ڈی کی گاڑی پر ہوا، جس میں پولیس افسر مراد جاموٹ شہید ہوئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

نگراں وزیراعلٰی بلوچستان میر علی مردان نے واقعے پر اظہارافسوس کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے کہا ہے کہ بحالی امن پر مامور سیکیورٹی فورسز پر حملہ قابل مذمت ہے، واقعہ کی فوری رپورٹ پیش کی جائے اور اس میں ملوث عناصر کو گرفتارکرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔