پیپلزپارٹی کی اولین ترجیحات میں انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ شامل ہے،بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی اپنے بانی چیئرمین شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی، انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام

اتوار 10 دسمبر 2023 17:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان جماعت کی اولین ترجیحات میں انسانی حقوق کا تحفظ و فروغ شامل ہے، آئندہ عام انتخابات کے لیے بھی ہمارا منشور ایسی ہی ترجیحات کا مظہر ہوگا۔ پی پی پی چیئرمین نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو دیئے ہوئے اپنے تحفے متفقہ آئین کے ذریعے تمام شہریوں خواہ وہ مسلم ہوں یا غیر مسلم، کو یکساں آزادیاں و حقوق دے کر انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سابقہ عوامی حکومت نے انسانی حقوق کی ایک جامع پالیسی منظور کی، جس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ صوبائی حکومت کا ہر حصہ تمام شہریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ میں سابقہ عوامی حکومت نے انسانی حقوق کے حوالے سے ایسے بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے محکمہ انسانی حقوق کے تحت ٹریٹی امپلیمینٹیشن سیل (ٹی آئی سی) قائم کیا اور مضبوط بنایا، جن کی حکومتِ پاکستان نے توثیق کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی عوامی حکومت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شکار غریب متاثرین کو مفت قانونی معاونت کے لیے بھی اقدام کیے ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک میں تمام شہریوں بالخصوص اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے طریقہ کار موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

ہم خواتین، بچوں یا معاشرے کے کمزور طبقات کے خلاف مظالم کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں مسلسل جاری انسانی حقوق کی سنگین پائمالی عالمی امن کے لیے خطرہ اور انسانیت کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں جاری جارحیت کا بلاتاخیر نوٹس لینا ہوگا۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی پارٹی اپنے بانی چیئرمین قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق انسانی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک میں انسانی حقوق پر کام کرنے کے لیے پارٹی کا انسانی حقوق سیل قائم کیا ہے۔