ملک اجاڑنے والا جیل میں بیٹھا ہے، ملک اناڑی کو دینے کا انجام سب نے دیکھ لیا،احسن اقبال

اتوار 10 دسمبر 2023 21:20

ملک اجاڑنے والا جیل میں بیٹھا ہے، ملک اناڑی کو دینے کا انجام سب نے دیکھ ..
ظفروال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2023ء) مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ ملک کو اجاڑنے والا آج اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہوا ہے،ملک اناڑی کے حوالے کرنے کا انجام سب نے دیکھ لیا۔مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے یہاں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حلقہ پی پی 54کو تعلیم و تربیت اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں، نوازشریف نے ہمیشہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، نوازشریف نے ملک میں بجلی کی کمی کو پورا کیا۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہاکہ غریب آدمی سارا دن محنت مزدوری کرکے رات کو بجلی نہ ہونے کی وجہ سے سو نہیں سکتا تھا، نوازشریف نے ملک میں سڑکوں کے جال بچھائے، مشرف دور میں ہم پر مقدمات کی بھرمار کر دی گئی لیکن ہم نے ہمت اور حوصلہ نہیں چھوڑا، مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا۔مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی ہم پر ناجائز مقدمات بنائے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی نااہلی کے باعث ملک کو مہنگائی کی دلدل میں پھینک دیا۔احسن اقبال نے کہا کہ لوگ تو اپنی موٹرسائیکل کی چابی کسی اناڑی ڈرائیور کے حوالے نہیں کرتے۔انہوںنے کہاکہ نارووال کی طرح ظفروال میں بھی تعلیم و ترقی ہو گی۔