انسانی حقوق کا تحفظ پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، بلاول بھٹو زرداری

پیر 11 دسمبر 2023 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور آئندہ عام انتخابات کے لیے پارٹی کے منشور میں بھی یہ بات نمایاں رہے گی۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو متفقہ آئین کا تحفہ دیا، ہر ایک کو یکساں حقوق دینے کے ساتھ ساتھ شہری خواہ مسلم ہو یا غیر مسلم ہر ایک کو آزادی فراہم کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں عوامی حکومت نے انسانی حقوق کی ایک جامع پالیسی منظور کی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ صوبائی حکومت کا ہر طبقہ تمام شہریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

اسی طرح سندھ میں عوامی حکومت نے بھی انسانی حقوق کے بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے محکمہ انسانی حقوق کے تحت ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل (ٹی آئی سی) قائم کیا اور اسے مضبوط کیا، ہم نے بحیثیت قوم اس کی توثیق کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام شہری خصوصا اقلیتیں مساوی حقوق سے لطف اندوز ہو رہی ہیں اور ان خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، پی پی پی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، خواتین، بچوں یا معاشرے کے کمزور طبقات کے خلاف مظالم کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیاں عالمی امن کے لیے خطرہ اور انسانیت کی توہین ہیں اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان مظالم کا نوٹس لے۔

بلاول بھٹو نے عہد کیا کہ پیپلز پارٹی بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق انسانی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ملک میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے کے لیے پارٹی مین بھی انسانی حقوق سیل قائم کیا ہے۔