Live Updates

آصف زرداری کا تاجکستان کے دریا سے بلوچستان کو سیراب کرنے کا منصوبہ

میں نے تاجک صدر سے بات کر لی ہے، تاجکستان سے سیدھا براستہ چین گلگت بلتستان پانی آتا ہے اور گلگت بلتستان کے دریا میں گرتا ہے، سابق صدر کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 11 دسمبر 2023 23:24

آصف زرداری کا تاجکستان کے دریا سے بلوچستان کو سیراب کرنے کا منصوبہ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 دسمبر 2023ء) سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے تاجکستان کے دریا سے بلوچستان کو سیراب کرنے کا منصوبہ پیش کر دیا۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تاجک صدر سے بات کر لی ہے، تاجکستان سے سیدھا براستہ چین گلگت بلتستان پانی آتا ہے اور گلگت بلتستان کے دریا میں گرتا ہے۔

وہاں سے وہ پانی میں نے بلوچستان میں ڈالنا ہے۔ اس حوالے سے آصف علی زرداری نے ایک نقشہ پیش کیا، اس نقشے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ ان کا خواب ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ ’میری پروجیکٹس نہیں ہوتے میرے خواب ہوتے ہیں‘۔ انہوں نے نقشہ دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ تاجکستان ہے اور ان کے پاس بے شمار پانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس زمین کو زرخیز بنانے کا کام ڈیم سے نہیں ہوگا، قدرتی پانی ہمیں چاہئیے، پہاڑوں کی مٹی جسے بھل کہتے ہیں وہ آکر زمین پر جمتی ہے تو دو تین سال بعد زمین زرخیزی دکھاتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ایک دفعہ جب پانی آجائے تو بلوچستان سے ہمیں سپر فائن کپاس حاصل ہوگی۔ خیال رہے کہ آصف زردای تاجکستان کے جس دریا کی بات کر رہے ہیں اس کا نام ”وخش“ ہے۔ دریائے وخش، جسے شمال وسطی تاجکستان میں سُرخاب اور کرغزستان میں کیزیل سو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایک وسطی ایشیائی دریا ہے، اور تاجکستان کے اہم دریاؤں میں سے ایک ہے۔

یہ نہ صرف تاجکستان کے لیے پانی کا ایک بہت اہم ذریعہ ہے، بلکہ آمو دریا کی سب سے بڑی معاون ندیوں میں سے ایک کے طور پر ازبکستان اور ترکمانستان میں زرعی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے پانی کی بڑی مقدار فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی لمبا نہیں صرف دوسال کا پروجیکٹ ہے۔ آصف زرداری نے انٹرویو میں سیاست سے متعلق بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان نے پیپلز پارٹی کو حکومت کی آدھی مدت دینے کی پیشکش بھی کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی اگلے انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے جیتنے کی باتیں وہ فارن بلاگرز کر رہے ہیں، جنہیں پیسے دیئے جاتے ہیں۔ سابق صدر نے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لاڈلا جیل میں ہے، اسے 30 سال پہلے لانچ کیا گیا۔ کم ظرف کو ملک دے کر ملک کا بیڑہ غرق کیا گیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عام انتخابات میں کامیاب ہوئی تو بلاول بھٹو بھی وزیراعظم ہوسکتے ہیں اور وہ خود بھی پرائم منسٹر بن سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ الیکشن 8 فروری 2024ء کو نہ بھی ہوں تب بھی کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمشین کو انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار حاصل ہے، 8 فروری سے 8 سے 10 دن آگے بھی ہوجائیں تو کوئی بات نہیں، آج ہوں یا کل الیکشن ضرور ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے واضح انداز میں کہا کہ سردار لطیف کھوسہ اُن کی پارٹی میں نہیں ہیں جبکہ اعتزاز احسن لاڈلے کے پڑوسی رہے ہیں، ان کی سیاسی سوچ پی پی سے الگ ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات