دہشت گردوں کی پشت پناہی افغانستان کو لے ڈوبے گی ، جان اچکزئی

ہفتہ 16 دسمبر 2023 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2023ء) نگراں وزیر اطلاعات بلو چستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی پشت پناہی افغانستان کو لے ڈوبے گی پاکستان میں معیشت مستحکم اور ڈالر کی قیمت کم ہورہی ہے پاک فوج کے سربراہ کے دورہ امریکہ سے ملک کی معیشت مزید مضبوط اور تعلقات میں بہتری آئے گی پاکستان کے علاقوں ٹانک اوراورکرک واقعہ میں ملوث دہشتگرد طالبان کا بھائی ہے حکومت نے بلوچستان میں 1 لاکھ 70 ہزار جعلی شناختی کارڈ بلاک کئے ہیں اور غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی تیزی سے جاری ہے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی بہترین ڈپلومیسی کی بدولت امریکہ کا کامیاب دورہ ملک کی معیشت اور تعلقات کی بہتری میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا وزیراعظم پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے جس کے مثبت اثرات عام صارفین تک پہنچائے جارہے ہیں وفاقی حکومت کی کاوشوں اور آرمی چیف کے وژن سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اسٹاک ایکسچینج 65ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر چکی ہے اور ڈالر کی قدر کم جبکہ اسمگلنگ، ہنڈی اور حوالہ کی غیر قانونی سرگرمیوں کو کنٹرول کرلیا گیا ہے آرمی چیف کی بہترین قیادت سے جی سی سی ممالک کے ساتھ بھی بہترین تعلقات قائم کرنے میں حکومت کامیاب ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا بلوچستان میں جعلی شناختی کارڈز کی نشاندہی کرتے ہوئے تقریباً 1لاکھ 70 ہزار شناختی کارڈ بلاک کردئیے گئے ہیں ۔

آج کے دن سانحہ آرمی پبلک سکول کے بچوں کو شہید کیا گیا۔ سکول کے بچوں کو شہید کرنے کیخلاف فیصلہ کن آپریشنز کیے گئے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے بعد دہشتگردی کا صفایا ہوا۔ بدقسمتی سے پھر ٹی ٹی پی و دیگر دہشتگرد گروپس سرگرم ہوگئے ہیں دہشتگردوں کی پشت پناہی افغانستان کو لے ڈوبے گی۔ٹانگ اور کرک واقعہ میں ملوث دہشتگرد کا بھائی افغان طالبان ہلمند کا کمانڈر تھا اس سے ظاہر ہورہا ہے کہ دہشت گردوں کی پشت پناہی افغان طالبان کی جانب سے جاری ہے اور وہ ڈبل گیم کھیل رہے ہیں۔

جو ناقابل قبول ہے اور ان کے مراکز موجود ہیں اور انہیں اسلحہ کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے اس لئے پاکستان نے دہشت گردوں کو حوالے کرنے کے لئے تمام سفارتی قواعد و ضوابط پر عمل پیرا ہوکر انہیں شواہد مہیا کئے ہیں تاکہ ان کی روشنی میں وہاں سے ہونے والے حملوں میں ملوث دہشت گردوں کو پاکستان کے حوالے کیا جائے اور پاکستان اپنے عوام کے تحفظ کے لئے ہر اقدام کرے گا تاکہ ان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا جاسکے۔