ملک کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے اور میدانی علاقوں میں شدید دھند/سموگ چھائے رہنے کا امکان

بدھ 27 دسمبر 2023 20:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2023ء) ملک کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں شدید دھند/سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اورشمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید دھند/سموگ چھائے رہے گی جبکہ خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند /سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے ۔

خطہ پوٹھوہاراورکشمیر میں صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سردرہا۔اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت سکردو، لہہ منفی09 ، کالام منفی 05، گوپس، گلگت منفی04، ہنزہ ،استور، قلات، زیارت اور سرینگر میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔