شہباز شریف نے نواز شریف کا سلام و پیغام متحدہ کی قیادت کو پہنچا دیا

آگے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہو گا، ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ن مل کر ان چیلنجز کا سامنا کریں گی، شہباز شریف

جمعہ 29 دسمبر 2023 13:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2023ء) سابق وزیر اعظم و صدر مسلم لیگ (ن )شہباز شریف کی قیادت میں (ن )لیگ کا وفد کراچی میں ایم کیو ایم کے بہادر آباد میں واقع مرکز پہنچا اور نواز شریف کا پیغام پہنچایا ۔کراچی کے دورے پر آئے ہوئے شہباز شریف ایم کیوایم کے مرکز پہنچے جہاں انہوں نے ایم کیوایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول اور رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے مصطفی کمال، فاروق ستار، امین الحق، نسرین جلیل، انیس قائم خانی و دیگر شریک ہوئے۔(ن )لیگ کے وفد میں ایاز صادق، مریم اورنگزیب، سعد رفیق، بشیر میمن، نہال ہاشمی، علی اکبر گجر دیگر شامل تھے۔اس موقع پر شہباز شریف نے نواز شریف کا سلام اور خصوصی پیغام متحدہ کی قیادت کو پہنچایا۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ اپنے دوستوں سے ملنے آیا ہوں، نواز شریف کا پیغام اور سلام لایا ہوں۔

شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے کنوینر، اراکین رابطہ کمیٹی اوردیگررہنماوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ایم کیو ایم نے گزشتہ حکومت میں ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا جس کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ آگے بھی بہت سے چیلنجز کا سامنا ہو گا، ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ن مل کر ان چیلنجز کا سامنا کریں گی۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں جماعتوں کی قیادت نے صوبائی سطح پر بنائی گئی کمیٹیوں کی سفارشات پر بھی غور کیا۔ذرائع کے مطابق کراچی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق کمیٹی آئندہ دو تین روز مین مذاکرات کرے گی۔