شہریار آفریدی‘ شاہدخٹک اور ندیم خیال سمیت کئی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد

ہفتہ 30 دسمبر 2023 21:25

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2023ء) کوہاٹ ‘ کرک اور ہنگو اضلاع میںپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سابق اراکین قومی اسمبلی بالترتیب شہریار آفریدی‘ شاہداحمد خٹک اور ندیم خیال سمیت کئی مقامی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے۔ یہاں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 کوہاٹ کے ریٹرنگ آفیسر/ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہریار قمرکے دستخط سے جاری فہرست میں سابق ایم این اے شہریار آفریدی سمیت پاکستان تحریک انصاف کے دیگر مقامی رہنماؤں ضلعی صدر آفتاب عالم‘ خرم ذیشان‘ سابق ضلعی ناظم محمد نسیم‘ تحصیل گمبٹ کے چیئرمین ساجد اقبال اور شفیع اللہ جان کے نام شامل نہیں جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے اٴْمیدوار گوہرمحمدخان بنگش‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اٴْمیدوار عباس خان آفریدی‘ پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری عبدالرؤف ایڈوکیٹ‘ نجیب اللہ درانی‘ قبائلی علاقہ درہ آدم خیل سے نوراسلم ‘لال سعید آفریدی اور دو خواتین اٴْمیدواروں آسیہ اسد اور نگہت پروین آفریدی سمیت 16 اٴْمیدواروں کے نام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ابتدائی طورپراس حلقہ کے لئے کل 23 اٴْمیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جن میں پی ٹی آئی سے وابستگی رکھنے والے چھ اٴْمیدواروں سمیت سات کاغذات نامزدگی مسترکردئے گئے ہیںاو ریوں اس حلقہ سے اب 16امیدوارقومی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔کوہاٹ کے صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں سے بھی شہریارآفریدی اور ضلعی صدر آٖفتاب عالم سمیت متعدد رہنماؤں کے کاغذات مستردکئے گئے ہیں۔

اسی طرح ضلع کرک سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 38 کرک سے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے شاہداحمدخٹک کے کاغذات کے علاوہ کرک کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 97 سے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عنایت اللہ خٹک کے کاغذات بھی مستردکردیئے گئے ہیں۔ہنگو سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہنگو/اورکزئی کے مشترکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این ای36 سے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے ندیم خیال کے کاغذات نامزدگی بھی مستردکردئے گئے ہیں۔