فاروق حیدر کا سینیٹر سرتاج عزیز کی وفات پر اظہار افسوس

مرحوم ملک کیلئے عظیم سرمایہ تھے ،وفات سے قوم نڈر ، بے باک ، بے لوث اور انسان دوست شخصیت سے محروم ہو گئی ہے ، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 3 جنوری 2024 21:41

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2024ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے سابق وفاقی وزیر خارجہ سینیٹر سرتاج عزیز کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرتاج عزیز نہ صرف مسلم لیگ ن بلکہ مملکت خداداد پاکستان کے لیے ایک عظیم سرمایہ تھے جن کی وفات سے پاکستانی قوم ایک نڈر ، بے باک ، بے لوث اور انسان دوست شخصیت سے محروم ہو گئی ہے ، سینیٹر سرتاج عزیز کی ریاست پاکستان کی ترقی و خوشحالی سمیت خارجہ سطح کے معاملات میں بڑی خدمات ہیں ، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا ۔

(جاری ہے)

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مرحوم سینیٹر سرتاج عزیز کے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب ان کے اس غم میں برابر کے شریک ہیں ، باری تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عنایت فرمائے اور جملہ لواحقین کو یہ صدمہ عظیم صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔