سندھ ہائیکورٹ ، الیکشن ٹریبیونل اپیلٹ کے رجسٹرار نے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیل پر اعتراض لگادیا

جمعرات 4 جنوری 2024 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2024ء) سندھ ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبیونل اپیلٹ کے رجسٹرار نے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیل پر اعتراض لگادیا۔رجسٹرار نے اعتراض لگایا ہے کہ اپیل کنندگان کی جانب سے پیش کردہ ریٹرننگ افسر کی دستاویزات مصدقہ نہیں ہیں۔ میاں شہبازشریف کے کاغذات کی منظوری کیخلاف پیپلزپارٹی کے مسعودخان مندوخیل نے اپیل دائر کی تھی۔

پی ٹی آئی کے حسنین علی چوہان نے بھی شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف اپیل دائر کی ہوئی ہے۔سندھ ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبیونل کے روبرو ریٹرننگ افسران کے فیصلوں اور کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف سابق صوبائی وزیر ذوالفقار مرزا اور سابق اسپیکر اسمبلی فہمیدا مرزا کی 5 اپیلوں کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

ٹریبونل نے حلقہ این اے 223 سے فہمیدا مرزا کی اپیل پر نوٹس جاری کر دیئے۔

حلقہ این اے 223 بدین سے ذوالفقار مرزا کی اپیل پر بھی نوٹس جاری کردیئے۔ حلقہ پی ایس پی ایس 70 سے ذوالفقار مرزا کی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیل پر بھی نوٹس جاریکیئے گئے۔ الیکشن ٹریبیونل نے حلقہ پی ایس 71 سے ذوالفقار مرزا کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔ حلقہ پی ایس 72 سے ذوالفقار مرزا کی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل پر بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔ الیکشن ٹریبونل نے اپیلوں پر الیکشن کمیشن، ریٹرننگ افسران سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 8 جنوری کو جوابات اور اعتراضات طلب کرلئے۔