جماعت اسلامی حیدرآباد سمیت پورے سندھ میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو واک اوور نہیں لینے دے گی،معراج الہدیٰ صدیقی

سندھ میں جہالت، بیماریاں اور بے روزگاری بڑھی ہے، پیپلزپارٹی سندھ میں مسلسل حکمران رہی ہے لیکن صوبے کی حالت نہیں بدلی ایم کیو ایم شہری علاقوں سے پیپلزپارٹی مخالف ووٹ لیتی ہے لیکن بعد میں پیپلزپارٹی کی گود میں بیٹھ جاتی ہے، حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس

جمعرات 4 جنوری 2024 21:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2024ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور حیدرآباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 219 سے امیدوار ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی حیدرآباد سمیت پورے سندھ میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو واک اوور نہیں لینے دے گی، سندھ میں جہالت، بیماریاں اور بے روزگاری بڑھی ہے، پیپلزپارٹی سندھ میں مسلسل حکمران رہی ہے لیکن صوبے کی حالت نہیں بدلی، ایم کیو ایم شہری علاقوں سے پیپلزپارٹی مخالف ووٹ لیتی ہے لیکن بعد میں پیپلزپارٹی کی گود میں بیٹھ جاتی ہے۔

وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان، قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران این اے 218 حیدرآباد ون سے سردار زبیر خادم سولنگی، این اے 220 حیدرآباد تھری سے حافظ طاہر مجید، پی ایس 260 سے قاری محبوب مہیسر، پی ایس 61 سے فتح محم شورو ایڈوکیٹ، پی ایس 62 سے ڈاکٹر سیف الرحمن، پی ایس 63 سے آفاق نصر، پی ایس 64 سے ظہیرالدین شیخ اور پی ایس 65 سے عرفان قائم خانی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم میں جماعت اسلامی بھرپور حصہ لے گی، ترازو ٹیم پوری جرات کے ساتھ انتخابات میں اترے گی، حیدرآباد اور کراچی میں جماعت اسلامی ایسے نتائج دے گی سب حیران ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ شہر آج مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، روزگار کے کوئی مواقع نہیں ہیں، ایم کیو ایم پیپلزپارٹی مخالف ووٹ لیتی ہے اور پھر دریا جا کر پیپلزپارٹی کے سمندر میں گر جاتا ہے، شہریوں کی تذلیل ہوتی ہے تو ایم کیو ایم کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ماضی دیانتداری اور وفاداری کا ہے، ترازو کے امیدوار جب میدان میں اتریں گے تو عوام ان پر اعتبار کریں گے، جماعت اسلامی کراچی اور حیدرآباد میں خاطر خواہ نتائج دے گی۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا عام انتخابات میں حیدرآباد کے عوام بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پورے نظام کو ہائی جیک کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ انتخابات کو ملتوی نہیں ہونا چاہئے، پاکستان کی ضرورت غیرجانبدارانہ، آزادانہ، شفاف الیکشن ہیں، ہمارا مطالبہ شفاف الیکشن کا ہے، اور اگر شفاف الیکشن ہوئے تو عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کرے گی۔