اسد قیصر کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

اسد قیصر کے کاغذاتِ نامزدگی درست قرار،سابق اسپیکر اسد قیصر کی اپیل منظور کر لی گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 6 جنوری 2024 14:31

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 جنوری 2024ء ) الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر کی اپیل منظور کرتے ہوئے ان کے کاغذاتِ نامزدگی بھی درست قرار دے دیے گئے ہیں۔الیکشن ٹربیونل میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی اپیل پر جج جسٹس شکیل احمد نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ریٹرننگ افسر نے پارٹی اکاؤنٹ کے معاملے پر اسد قیصر کے کاغذات مسترد کیے، ریٹرننگ افسر نے پارٹی اکاؤنٹ اسد قیصر کا ذاتی اکاؤنٹ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میں اکاؤنٹ کو پارٹی کا اکاؤنٹ قرار دیا۔الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ جی بالکل یہ کلیئر ہے اکاؤنٹ اسد قیصر کے نام پر نہیں، یہ پارٹی اکاؤنٹ ہے۔بعدازاں ٹربیونل نے اسد قیصر کے کاغذات درست قرار دے دئیے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسد قیصر کے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 صوابی سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے گئے تھے۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو ٹریبونل کی جانب سے بھی الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قراردے دیا گیا ہے، شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے حوالے سے ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس محمد سرفراز ڈوگر نے فیصلہ سنایا، شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 150، 151 اور پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 218 اور 219 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔

ادھر سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے این اے 214 تھر پارکر سے کاغذات جمع کروائے جو منظور کرلیے گئے، اسی حلقہ سے ان کے صاحبزادے ذین قریشی کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوچکے ہیں جب کہ پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے، حلیم عادل شیخ نے این اے 238 سے کاغذات نامزگی جمع کروائے تھے، پی ٹی آئی کے ارسلان خالد کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے، ارسلان خالد نے این اے 241 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔