مسلم لیگ ن کا ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض رہنماؤں سے رابطہ

ٹکٹ نہ دینے کا مطلب آپ کی قربانیوں اور جدوجہد کا نظرانداز کرنا نہیں‘ پارٹی آپ کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا پیغام

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 جنوری 2024 11:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 جنوری 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن نے ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض رہنماؤں سے رابطے شروع کردیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا گجرات سے سابق وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال سے رابطہ کیا اور انہیں ٹکٹ جاری نہ کرنے پر اعتماد میں لیا، پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ فی الوقت آپ کو ٹکٹ نہ دینے کا مطلب آپ کی قربانیوں اور جدوجہد کا نظرانداز کرنا نہیں ہے، پارٹی آپ کی 22 سال کی پارٹی وابستگی اور جدوجہد سے بخوبی آگاہ اور معترف ہے، نواز شریف آپ کو اپنے خاندان کا فرد سمجھتے ہیں، نواز شریف کا پیغام ہے کہ آپ کو ٹکٹ سے محروم کرنا میرا اور ٹکٹ نہ ملنے کے بعد آپ کا امتحان تھا، نواز شریف کو یقین تھا کہ چوہدری جعفر اقبال ہمیشہ کی طرح اس امتحان میں پورا اتریں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ چوہدری جعفر اقبال نے قائد ن لیگ نواز شریف اور پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی کے ہر فیصلے کو من وعن قبول کرتا ہوں، نواز شریف وزیراعظم ہوں تو میں خود کو وزیراعظم سمجھوں گا، نواز شریف وزیراعظم ہاؤس میں ہوں تو مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں، پارٹی اور بیانیہ بدلنا میری سیاسی تربیت کے خلاف ہے، پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ نواز شریف نے کیا اور اپنے قائد کا ہر فیصلہ قبول ہے، پارٹی کی جانب سے کسی بھی عوامی عہدے کا مطالبہ کروں گا نہ یقین دہانی مانگوں گا، ن لیگ کے ساتھ وابستگی اپنے نظریے اور مواز شریف کے ویژن کی وجہ سے ہے، مسلم لیگ ن کے ساتھ وابستگی اور وفا غیر مشروط تھی اور غیر مشروط رہے گی۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ ن میں ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراضگیوں کے معاملے میں لیگی قیادت نے طلال چوہدری سے بھی رابطہ کیا اور انہیں پیغام پہنچایا کہ پارٹی آپ کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، جنہیں ٹکٹ نہیں ملے انہیں سینٹ رکنیت کے علاوہ دیگر اہم عہدوں پر ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنماء طلال چوہدری کے حلقے این اے 96 جڑانوالہ سے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر ن لیگ میں شامل ہونے والے نواب شیر وسیر کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے جب کہ چوہدری جعفر اقبال کے حلقہ این اے 65 گجرات سے نصیر عباس سدھو کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔