Live Updates

خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں بارش اور سیلاب سے تباہ کاریاں ،45افراد جاں بحق

آزاکشمیر میں سیاحتی مقام رتی گلی بیس کیمپ میں 500 سے زائد سیاح پھنس گئے، 100 کو بچا لیا گیا، دیگر کو ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن جاری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 15 اگست 2025 14:51

خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں بارش اور سیلاب سے تباہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 اگست ۔2025 )خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی، آسمانی بجلی گرنے اور سیلابی ریلوں میں بہنے سمیت مختلف واقعات میں کم از کم 45افراد جاں بحق، درجنوں زخمی و لاپتہ ہو گئے جبکہ کئی مکانات اور دیگر املاک کو نقصان پہنچاہے ،نظام زندگی درہم برہم ہوگیا.

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا کے علاقے باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے اور کلاڈ برسٹ سے کم ازکم 16 افراد جاں بحق ہوگئے باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے قریب واقعہ پیش آیا، جہاں کلاڈ برسٹ کے نتیجے میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 16 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 10بچے بھی شامل ہیں، متعدد گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ 7افراد لاپتہ ہیں . ریسکیو حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باجوڑ امجد خان کی نگرانی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہیں مقامی ذرائع کے مطابق کلاڈ برسٹ کی وجہ سے علاقے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی راستہ بند ہونے سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے مقامی آبادی اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے مانسہرہ کے علاقے بسیاں میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ تین افراد کو زندہ بچا لیا گیا.

لوئر دیر میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، سوری پا میں مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی، جبکہ دو زخمی ہیں، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے شامل ہیں جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ رات گئے بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی تھی، ملبے تلے 7 افراد دب گئے تھے، 2 زخمیوں کو تیمرگرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے.

دریا پنجکوڑہ سمیت ندی نالوں میں طغیانی سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، سیلابی ریلے کے باعث اوڈیگرام رابطہ پل شدید متاثر ہوا، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، سیلابی پانی میں پھنسے 25 سیاحوں کو رات گئے ریسکیو کیا گیا ضلع بٹگرام میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی، درجنوں افراد پانی میں بہہ گئے بٹگرام کے یوسی شملائی میں آسمانی بجلی اور سیلابی ریلے سے 6 سے 8 مکانات تباہ ہوگئے 30سے 40 افراد پانی میں بہہ گئے 10 افراد کی لاشیں مل گئی علاقہ دور ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، مقامی لوگوں نے حکومت سے فوری امدادی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے.

شدید بارشوں کے باعث سوات کے شہرمینگورہ کےوسط میں بہنے والی ندی میں طغیانی کے باعث متعدد مقامات پرمکانات اورعمارتیں زیرآب آگئیں،جسکے بعد ضلع بھرمیں انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے مقامی افراد نے گھروں کی چھتوں پرپناہ لےرکھی ہے،سیلابی پانی میں گھروں کاسامان بھی بہہ گیا، ریسکیو ٹیمیوں کی متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہے دوسری جانب آزاد کشمیر میں کلا برسٹ کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے نعشوں کو نکال لیا گیا، جبکہ 30 افراد لاپتہ ہیں، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور فلیش فلڈنگ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی.

وادی نیلم میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے پل اور سڑکیں تباہ ہوگئیں، سیاحتی مقام رتی گلی بیس کیمپ میں 500 سے زائد سیاح پھنس گئے، 100 کو بچا لیا گیا، دیگر کو ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے نالہ جاگراں میں کلاڈ برسٹ سے 3 بیلی برج اور 2 گیسٹ ہاﺅس بہہ گئے، ہائیڈرل پراجیکٹ متاثر ہوگیا، کٹن جاگراں کو ملانے والی سڑک بھی تباہ ہوگئی، 25 ہزار افراد پر مشتمل آبادی محصور ہوگئی.

آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کے پیش نظر دریاﺅں کے قریب آبادی کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا آزاد کشمیر حکومت نے شدید بارشوں کے باعث دو روز کےلئے تعلیمی ادارے بند کر دئیے ہیں. ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق جاں بحق افراد میں دوبچے اور خاتون بھی شامل ہے،صرف غذر میں 8 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے دیامر میں 2 بہن بھائی جاں بحق، 2 افراد زخمی ہو گئے،ضلع غذر کے 37 مقامات پر سیلابی صورتحال ہے،ترجمان گلگت بلتستان کے مطابق گندلو کے مقام پر شاہراہ ریشم اور شاہراہ بابوسر لوشی کے مقام پر سڑک بحال کر دی گئی ہے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، نشیبی علاقے کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے.

شگر میں سیلاب کے باعث 2 درجن سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں، شگر کی تحصیل گلاب پور کے کئی دیہات خالی کرا لیے گئے ہیں، بندو، خورید اورچھومک کے علاقے سیلاب سے متاثر ہیں شگر میں سیلاب کے باعث پانی گھروں میں داخل ہوگیا، سیلاب کی وجہ سے فصلیں بھی زیر آب آ گئی ہیں، گلگت بلتستان میں مزید بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے. محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان میں برف اور گلیشیئر پگھلنے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق خطے میں درجہ حرارت معمول سے 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے، غیر معمولی گرمی برف پگھلنے کی شرح میں نمایاں ا ضافہ کر رہی ہے جس سے گلیشیل لیک آٹ برسٹ فلڈز کا خطرہ بڑھ رہا ہے فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت مسلسل اوسط سے زیادہ ہیں جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر پگھلتی برف ہے جس سے آبی ذخائر میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوتا ہے.

اعداد و شمار کے مطابق اگست کے پہلے 10 دنوں تک موجودہ خریف سیزن کے دوران تربیلا کے ذخائر میں پانی کی آمد 41.8 ملین ایکڑ فٹ تک پہنچ گئی جو 36.16 ملین ایکڑ فٹ کی عام موسمی آمد سے 5.64 ملین ایکڑ فٹ زیادہ ہے. محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برف کا تیزی سے پگھلنا برفانی جھیلوں کی تشکیل اور توسیع کا باعث بن سکتا ہے جس سے پہاڑوں کے نیچے یا میدانی سطح والے علاقوں میں سیلاب کا سنگین خطرہ ہے محکمہ موسمیات نے متعلقہ حکام اور مقامی افراد پر زور دیا کہ موجودہ صورت حال میں چوکنا رہیں اور خاص طور پر زیادہ متاثرہ وادیوں میں، ممکنہ آفات کے اثرات کو کم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کو یقینی بنایا جائے.

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے کہاکہ آ ئندہ چندروز میں ملک کے بیشترعلاقوں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ‘ موسی خیل، بارکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، ژوب، کراچی، سکھر، گھوٹگی، کشمور، دادو، تھر پارکر، ٹھٹھہ خضدار‘لسبیلہ‘ ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، فیصل آباد، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور ‘چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اورمانسہرہ میں مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے. 
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات