جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ملک بھرمیں اپنے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی

پیر 15 جنوری 2024 16:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2024ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ملک بھر میں اپنے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔ترجمان جے یو آئی کے مطابق ملک بھر سے قومی اسمبلی کیلئے اس کے 122 امیدوار میدان میں ہیں، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 110، بلوچستان اسمبلی کیلئے 51 امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے۔ترجمان کے مطابق پنجاب اسمبلی کیلئے جے یو آئی کے 134 اور سندھ اسمبلی کیلئے 52 امیدوار نامزد کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان جے یو آئی ایف نے کہا کہ امن وامان کی خراب صورتحال کے باوجود بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے۔ترجمان جے یو آئی پنجاب نے ایک بیان میں کہا کہ سابق صوبائی وزیرمخدوم ہارون سلطان جے یو آئی میں شامل ہو گئے ہیں، مخدوم ہارون سلطان این اے 177 مظفر گڑھ سے جے یو آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔ترجمان کے مطابق مخدوم ہارون سلطان بخاری پی پی 272 اور 274 سے بھی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ترجمان نے کہا کہ ان کی جماعت کی مسلم لیگ ن یا کسی اور سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی۔