لاہور ہائیکورٹ نے شریف برادران کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواستیں واپس کردیں

شہری شاہد اورکزئی کی جانب سے دائر درخواستیں برانچ نے تاخیر سے دائر ہونے پر واپس کیں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 18 جنوری 2024 15:35

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18جنوری2024 ء) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے قائد اورسابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کے کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواستیں واپس کردیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے کاغذات نامزدگی کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی جس دوران ٹربیونلز کے فیصلوں کے خلاف دائر تمام درخواستوں پر فیصلے سنائے گئے۔

شہری شاہد اورکرزئی نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کے کاغذات منظوری کےخلاف درخواستیں دائر کی تھیں جنہیں برانچ نے تاخیر سے دائر ہونے پر واپس کردیا۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے (ن) لیگ کی آمنہ حسین اور پیپلز پارٹی کی شگفتہ چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کےخلاف درخواستیں منظور کرلیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے این اے 130 اور شہباز شریف کے این اے132 پرکاغذات نامزدگی منظورہونے کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ روزچیلنج کیا گیا تھا۔درخواست شہری شاہد اورکزئی نے دی تھی جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ ایپلٹ ٹریبونل نے حقائق کے برعکس کاغذات منظور کئے ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف سپریم کورٹ حملہ کیس میں ملوث ہیں اور سپریم کورٹ حملہ کیس عدالت عظمیٰ میں زیر التوا ہے۔

ایپلٹ ٹربیونل نے حقائق کے برعکس ن لیگ کے قائد نواز شریف کے کاغذات منظور کئے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ شہباز شریف بھی سپریم کورٹ پر حملے میں ملوث ہیں اور حملے کے ماسٹر مائنڈ ہیں ۔ نوازشریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے ریٹرننگ افسر اور ٹریبونل نے کاغذات نامزدگی منظور کیے جو قانون کے خلاف ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نواز شریف اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر ان کو الیکشن لڑنے سے روکا جائے۔