لودھراں سے پی ٹی آئی امیدوار جہانگیرترین کے حق میں دستبردار

پیراقبال شاہ کے الیکشن نہ لڑنے کے بعد تحریک انصاف نے متبادل امیدوار میدان میں اتار دیئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 جنوری 2024 15:59

لودھراں سے پی ٹی آئی امیدوار جہانگیرترین کے حق میں دستبردار
لودھراں ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جنوری 2024ء ) صوبہ پنجاب کے شہر لودھراں سے قومی اسمبلی کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار پیر اقبال شاہ استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ پیر اقبال شاہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 155 سے انتخاب کے لیے امیدوار تھے تاہم انہوں نے اچانک ہی جہانگیر ترین کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا، جہانگیر ترین کے حق میں دستبردار ہونے والے پیر اقبال شاہ کے بیٹے عامر اقبال نے والد کے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 228 سے انتخاب میں حصہ لے رہا ہوں تاہم والد انتخاب نہیں لڑیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ پیر اقبال شاہ کے یوں اچانک دستبردار ہونے کے بعد قومی اسمبلی کی اس نشست این اے 155 پر اب جہانگیر ترین اور مسلم لیگ ن کے امیدوار صدیق بلوچ کے درمیان ون ٹو ون مقابلے کا کہا جارہا تھا تاہم پاکستان تحریک انصاف نے حلقوں میں متبادل امیدوار میدان میں اتار دیئے ہیں اور اب عفت طاہرہ این اے 155 اور عزت جاوید خان پی پی 228 سے پی ٹی آئی امیدوار ہوں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات کیلئے قومی وصوبائی اسمبلیوں سے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے، پی ٹی آئی نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 859 حلقوں سے اپنے امیدوار میدان میں اتارے ہیں، تاہم قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے تاحال 47 امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہ کیا جاسکا، جن میں سے قومی اسمبلی کے کل 266 حلقوں میں 8 حلقوں کے لئے امیدواروں کے نام فائنل نہ ہوسکے۔

معلوم ہوا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے 297 حلقوں میں سے تاحال 5 حلقوں میں سے پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار نہیں، اسی طرح سندھ کے 130 حلقوں میں سے پی ٹی آئی کے 10 امیدواروں کے نام فائنل نہ ہوسکے، خیبرپختونخوا کے 115 حلقوں سے پی ٹی آئی 4 امیدواروں کے نام فائنل نہ کرسکی اور بلوچستان اسمبلی کے کل 51 حلقوں سے 20 حلقے پی ٹی آئی کے امیدواروں سے خالی ہیں۔