Live Updates

سیاست میں اتار چڑھاؤ اور اونچ نیچ آتی رہتی ہے، مگر لیڈر وہ ہوتا ہے جو ڈر کے نہیں بھاگتا،مریم نوازشریف

جمعہ 19 جنوری 2024 22:50

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2024ء) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ اور اونچ نیچ آتی رہتی ہے، مگر لیڈر وہ ہوتا ہے جو ڈر کے نہیں بھاگتا،خانیوال کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نواز شریف کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے گراؤنڈ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ خانیوال کی عوام نے شدید سردی اور دھند میں بھی جلسہ میں آکر ثابت کیا ہے کہ ہمیشہ نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی کی ذمہ دار مسلم لیگ ن اور نواز شریف نہیں، تین دفعہ وزیر اعظم منتخب ہونے والے وزیراعظم نواز شریف کے سینے میں قومی راز ہیں مگر وہ کبھی ملکی سلامتی سے نہیں کھیلے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اپنے بیٹے سے دس ہزار درھم تنخواہ نہ لینے پر جب نکالا گیا تو انھوں نے ایک بھی قومی راز عوم کے سامنے نہ رکھا، جعلی سائفر نہیں لہرایا بلکہ خاموشی سے گھر اور عوام کے پاس چلا گئے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی الیکشن ہوتے ہیں تو لائیو دکھایا جاتا ہے ۔ خانیوال کے نوجوانو بتاؤ کیا آپ کو ہاتھوں میں پیٹرول بم چاہیئے یا لیپ ٹاپ چاہیئے، آپ کو نوکریاں چاہیئں یا ہاتھوں میں کیلوں والے ڈنڈے چاہیئں،آپ کو ترقی و خوشحالی چاہیے یا افراتفری؟مریم نواز نے کہا کہ آج وہ جب لاہور سے خانیوال آرہی تھی تو انہوں نے اوپر سے دیکھا کہ ملتان میں میٹرو بس چل رہی ہے، خانیوال لودھراں دو رویہ سڑک کس نے بنائی، موٹر ویز کس نے بنائی، اورنج ٹرین اور میٹرو بس کس نے چلائی،لوڈشیڈنگ، بےروزگاری، شرپسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ کس نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکس نے بنایا تھا، 2 روپے کی روٹی کس کے دور میں ملتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ساڑھے 4 سال بعد نواز شریف واپس آیا تو اس کی وجہ خانیوال اور اس کے لیڈر ہیں جو نہیں بھاگے۔ انہوں نے کہا کہ آسان مشکل وقت سیاست میں آتا رہتا ہے مگر لیڈر وہ ہوتا ہے، سیاست دان وہ ہوتا ہے، کارکن وہ ہوتا ہے جو میدان چھوڑ کر نہیں بھاگتا اور خانیوال کی جو قیادت اس وقت میرے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے ظلم ، زیادتی اورمصیبتوں کا مقابلہ کیا وہ بھاگنے کی بجائے نواز شریف کے ساتھ شیروں کی طرح ڈٹ کر کھڑےرہے۔ انہوں نے کہا کہ خانیوال، حافظ آ باد اور اوکاڑہ کا جلسہ دیکھ کر اندازہ ہوجانا چاہیئے کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ خیبر سے کراچی تک ترقی نواز شریف دور میں ہوئی تو ووٹ کا حق کس کا ہے،نواز شریف اس لیے ووٹ نہیں چاہتا کہ وہ حکومت میں آئے بلکہ نواز شریف ووٹ ا س لیے چاہتا ہے کہ مضبوط حکومت بنے اورمہنگائی ، بےروزگاری کا خاتمہ ہو، چینی، بجلی اور گیس پھر سستی ہو۔

انہوں نے خانیوال کے عوام سے پوچھا کہ 8 فروری کو خانیوال میں کون آئے گا اور کیا آواز آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ کراچی سے خیبر تک اور لاہور سے کراچی تک ترقی کا بیانیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں تو 8 فروری کو گھروں میں بیٹھنے کی بجائے اپنی ترقی، خوشحالی اور شیر پر ٹھپہ لگائیں۔ انہوں نے محمد خان ڈاہا سے کہا کہ وہ لسٹ بنا کر دیں کہ خانیوال میں کیا کیا مسئلے اور ضرورتیں ہیں وہ جیت کرسکول کالج اور یونیورسٹی کے میگا پروجیکٹ لے کر خود حاضر ہوں گی۔

اس موقع پر مریم اورنگزیب، عبدالرحمن کانجو، حاجی عرفان احمد خان ڈاہا، امیدوار قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا، میاں محمد اسلم بودلہ، چوہدری افتخار نذیر، مختار شاہ اور ڈاکٹر غزالہ شاہین ،امیدوار صوبائی اسمبلی رانا سلیم حنیف، اسامہ فضل، عامر حیات ہراج، حاجی عطاء الرحمن ، چوہدری ضیاء الرحمن، رانا عرفان محمود، بابر حسین جاپانی اور سید محمد مرتضیٰ حسین موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات