Live Updates

توشہ خانہ اور 190 ملین پائونڈ ریفرنسز کا جیل ٹرائل کالعدم قرار دینے سے متعلق درخواستوں پر اٹارنی جنرل کے دلائل مکمل

منگل 23 جنوری 2024 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ اور 190 ملین پائونڈ ریفرنسز کا جیل ٹرائل کالعدم قرار دینے سے متعلق درخواستوں پر اٹارنی جنرل کے دلائل مکمل ہونے پر سماعت کل بدھ تک ملتوی کر دی ۔منگل کے روز توشہ خانہ اور 190 ملین پائونڈز ریفرنسز کا جیل ٹرائل کالعدم قرار دینے کی درخواستوں پر چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی ۔

دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے دلائل دیتے ہوئے کہا ہماری استدعا ہے کہ دونوں مقدمات کے ٹرائل پر حکمِ امتناعی جاری کر دیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جیل ٹرائل ان کیمرا ٹرائل نہیں ہوتا صرف وہ پیرا میٹرز دیکھنے ہیں کہ جیل ٹرائل کے طریقہ کار کو فالو کیا گیا یا نہیں، یہ نیب کیس ہے ، ہم نے دیکھنا ہے کہ کیا نیب لا میں کچھ الگ ہے ؟31 جنوری تک جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب رخصت پر ہیں ۔

(جاری ہے)

وکیل شعیب شاہین نے کہا توشہ خانہ کی سماعت کرنے والے جج بھی 24 سے چھٹیوں پر جا رہے ہیں ، جسٹس میاں گل اورنگزیب اس نوعیت کے دو کیسز میں پہلے فیصلے دے چکے ہیں۔ اٹارنی جنرل نے کہا یہ کیس پرانے کیس سے مکمل طور پر مختلف ہے ، میری رائے کے مطابق دو رکنی بینچ کا پہلا فیصلہ اس پر لاگو نہیں ہوتا، اس دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے نیب کے نئے اور پرانے کیسز کا حوالہ دیا ۔

اٹارنی جنرل نے کہا لاء ڈویژن نے اگست 2023 میں عمران خان کے خلاف جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا، وزارت قانون نے پہلا نوٹیفکیشن سیکورٹی وجوہات پر خود سے جاری کیا تھا ، اکتوبر 2023 میں پھر روزانہ کی بنیاد پر جج کی درخواست پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کیا جج کی درخواست پر جاری کردہ تمام نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیئے جا چکے ہیں ؟ اٹارنی جنرل نے بتایا جیل ٹرائلز سے متعلق نوٹیفکیشنز اسلام آباد ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دیئے، اٹارنی جنرل نے نیب کی جانب سے وزارت قانون و انصاف کو لکھا گیا خط عدالت میں پیش کیا گیا ، نیب نے تیرہ نومبر کو خط لکھا کہ احتساب عدالت میں کارروائی کرے جہاں قید ہے۔

جسٹس طارق جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل سے پہلے انہوں نے ملزم کو کورٹ میں پیش کر کے ریمانڈ بھی لینا ہے ۔ اٹارنی جنرل نے دلائل مکمل کر لیے جبکہ کل بانی پی ٹی آئی کے وکیل دلائل جاری رکھیں گے ۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل بدھ تک ملتوی کر دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات