مخالفین میری کارکردگی اورعوامی مقبولیت سے اتنے خوف زدہ ہیں،محمودخان

،سوات میں 4 یونیورسٹیاں، 2 میڈیکل کالج ،درجنوں اسکولوں اور کالجوں سمیت اسپتالوں کی اپ گریڈیشن سڑکوں کا جال بیچھانے کے پیچھے میری ہی محنت کارفرما ہے ،سابق وزیراعلیٰ کے پی کے

بدھ 24 جنوری 2024 22:45

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2024ء) سابق وزیر اعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے امیدوار برائے پی کے 10 اور این اے 4 محمود خان نے کہا ہے کہ مخالفین میری کارکردگی اورعوامی مقبولیت سے اتنے خوف زدہ ہیں کہ اب وہ من گھڑت پروپیگنڈ ے کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوششیں کررہے ہیں ،سوات میں 4 یونیورسٹیاں، 2 میڈیکل کالج ،درجنوں اسکولوں اور کالجوں سمیت اسپتالوں کی اپ گریڈیشن سڑکوں کا جال بیچھانے کے پیچھے میری ہی محنت کارفرما ہے ،2013 سے 2018تک بھی تحریک انصاف کی حکومت تھی مگر سوال یہ ہے کہ اس وقت سوات میں اتنے ترقیاتی کام کیوں نہیں ہوئے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خریڑئی مٹہ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پارٹی رہنمائوں انور زمان ایڈوکیٹ، نصراللہ خان ،قمر زمان خان اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے انور زمان ایڈوکیٹ کی قیادت میں پیپلز پارٹی سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین میں شامل ہوگئے۔ سابق وزیر اعلیٰ محمودخان نے کہاکہ میں نے اپنی ذات کی بجائے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے کام کیا اور سوات موٹروے فیز ون اور ٹوکی تعمیر سمیت دیگر سہولیات فراہم کرکے سوات کو ترقی کے سفر پر گامزن کیا۔

انہوں نے کہاکہ اگر عوام اپنے بچوں کا روشن مستقبل چاہتے ہیں اور علاقے میں امن ،ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھنادیکھناچاہتے ہیں تو8 فروری کو پگڑی کے نشان پر مہر لگا نا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم جماعتوں کی حقیقت آپ نے سولہ مہینوں کی حکومت میں دیکھی ہے جنہوں نے سوات کے ترقیاتی فنڈزکو بنوں اور ڈی آئی خان منتقل کیااور یہاں ک ترقی روکنے کی کوشش کی ۔