یورپی راہنماﺅں کی ملاقات کا مقصد اجتماعی طور پر ماسکو کی جارحیت کو ختم کرنے کا راستہ تلاش کرنا ہے. رپورٹ

امریکا کی جانب سے یوکرین کو سیکیورٹی ضمانتیں دینے کی پیشکش بھی کی گئی ہے ‘امید ہے ہماری نتیجہ خیز ملاقات ہوگی ہم حقیقی اتفاق رائے تک پہنچیں گے.امریکی خصوصی ایلچی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 18 اگست 2025 13:54

یورپی راہنماﺅں کی ملاقات کا مقصد اجتماعی طور پر ماسکو کی جارحیت کو ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 اگست ۔2025 )یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی‘برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر‘فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون‘جرمن چانسلر فریڈرِش مرز‘ نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک ر±تے‘ وان ڈیر لیین‘ اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی اور فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹبز آج وائٹ ہاﺅس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے.

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق یورپی راہنماﺅں کی ملاقات کا مقصد اجتماعی طور پر ماسکو کی جارحیت کو ختم کرنے کا راستہ تلاش کرنا ہے اس دوران امریکا کی جانب سے یوکرین کو سیکیورٹی ضمانتیں دینے کی پیشکش بھی کی گئی ہے صدر زیلنسکی اور یورپی راہنماﺅں کی امریکی صدر سے ملاقات الاسکا میں ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہونے والی سربراہی ملاقات کے بعد ہو رہی ہے جو فوری جنگ بندی کے کسی بریک تھرو کے بغیر ختم ہوئی جس پر امریکی صدر زور دے رہے تھے.

بعد ازاں ڈونلڈ ٹرمپ نے موقف بدلا اور کہا کہ اب وہ ایک امن معاہدہ چاہتے ہیں انہوں نے اپنی سوشل میڈیا سائٹ ”ٹرتھ سوشل“ پر لکھا کہ روس پر بڑی پیشرفت ہوئی ہے مزید جاننے کے لیے تیار رہیں‘تاہم انہوں نے مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی. امریکا کے روسی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے گزشتہ روز کہاتھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن نے اپنی ملاقات میں یوکرین کے لیے مضبوط سیکیورٹی ضمانتوں پر اتفاق کیا ہے تاہم یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین کی میزبانی میں برسلز کے دورے پر موجود یوکرینی صدر زیلنسکی نے روس کی جانب سے کسی بھی قسم کی سیکیورٹی ضمانتوں کو مسترد کیا ہے.

یوکرین کے صدر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے سیکیورٹی ضمانتوں کے بارے میں جو کہا وہ میرے لیے ولادیمیر پیوٹن کے خیالات سے کہیں زیادہ اہم ہے کیونکہ پیوٹن کوئی سیکیورٹی ضمانت نہیں دیں گے. یورپی کمیشن کی صدر وان ڈیر لیین نے امریکا کی جانب سے سیکیورٹی ضمانتوں کی پیشکش کو سراہا جو نیٹو کے اجتماعی تحفظ (آرٹیکل 5) سے الگ لیکن اس ہی کی طرز پر ہوں گی انہوں نے کہاکہ ہم امریکی صدر ٹرمپ کی اس خواہش کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ یوکرین کے لیے آرٹیکل 5 جیسی سیکیورٹی ضمانتیں دی جائیں.

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جنگ بندی کے بجائے امن معاہدے کی تلاش کا رخ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے دیرینہ موقف سے مطابقت رکھتا ہے جسے یوکرین اور اس کے یورپی اتحادی تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں کہ یہ صرف پیوٹن کے لیے وقت حاصل کرنے اور میدان جنگ میں مزید پیشرفت کا بہانہ ہے صدر زیلنسکی نے کہا کہ امریکی صدر کی تجویز کے تحت انہیں ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ جس میں کریملن سہ فریقی ملاقات کے لیے تیار ہو .

ملاقات کرنے والوں میں اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی اور فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹبز بھی شامل ہیں روانگی سے قبل ان راہنماﺅں نے ویڈیو میٹنگ میں مشترکہ موقف پر اتفاق کیا ہے امریکی نشریاتی ادارے” سی این این“ سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹیو وٹکوف نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ 18 اگست کو ہماری نتیجہ خیز ملاقات ہوگی ہم حقیقی اتفاق رائے تک پہنچیں گے روسیوں کے پاس واپس جا کر امن معاہدے کو آگے بڑھائیں گے اور اسے مکمل کریں گے.

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے گزشتہ روز” این بی سی“ سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر یوکرین پر امن معاہدہ نہیں ہوتا تو اس کے نتائج برآمد ہوں گے جن میں روس پر نئی پابندیاں لگانا بھی شامل ہے جبکہ امریکا کے روسی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے ”سی این این“ کو بتایا کہ امریکا یوکرین کو فیصلہ کن نوعیت کی سیکیورٹی ضمانتیں دینے کے لیے تیار ہے جس کے ساتھ علاقائی رعایتیں بھی شامل ہوں گی.

الاسکا میں صدر ٹرمپ کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کے بعد زیلنسکی اور یورپی راہنماﺅں کے ساتھ ٹرمپ کی کال پر بریفنگ دینے والے ایک اہلکار کے مطابق امریکی صدر نے روسی صدر ولایمیر پیوٹن کی اس تجویز کی حمایت کی کہ روس مشرقی یوکرین کے 2 علاقوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرے اور اس کے بدلے میں دیگر 2 علاقوں میں محاذِ جنگ کو روک دے رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پیوٹن مطالبہ کرتے ہیں کہ کیف مشرقی یوکرین کے ڈونیسٹک اور لوگانسک ریجن پر مشتمل علاقے ڈونباس کو چھوڑ دے، خیال رہے کہ اس علاقے پر روس اس وقت جزوی کنٹرول بھی رکھتا ہے بدلے میں روسی افواج بحیرہ اسود کے بندرگاہ والے خطے خیرسون اور زاپوریزیا میں اپنی پیش قدمی روک دیں گی، جہاں اہم شہر اب بھی یوکرین کے کنٹرول میں ہیں.

یوکرین پر حملے کے چند ماہ بعد روس نے ستمبر 2022 میں ان چاروں یوکرینی علاقوں کو ضم کرنے کا دعویٰ کیا تھا حالانکہ اس کی افواج آج تک کسی بھی علاقے پر مکمل کنٹرول حاصل نہیں کر سکیں ذرائع نے بتایا کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ڈونباس چھوڑنے سے انکار کردیا ہے ادھر یوکرین میں جنگ جاری ہے اور اتوار کو کیف اور ماسکو دونوں نے ایک دوسرے پر ڈرونز سے حملے کیے ہیں.