& کراچی تا کشمور سندھ میں قیام امن اور تعمیر و ترقی کے لیے 8 فروری کے انتخابات میں دیانتدار نمائندوں کو منتخب کیا جائے،محمد حسین محنتی

جماعت اسلامی ملک میں واحد ایک جمہوری پارٹی ہے باقی سب تو خاندانی لمٹیڈ کمپنیاں اور جاگیردار و سرمایہ داروں کا کلب ہیں،امیر جماعت اسلامی سندھ

جمعرات 25 جنوری 2024 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2024ء) امیرجماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں واحد ایک جمہوری پارٹی ہے باقی سب تو خاندانی لمٹیڈ کمپنیاں اور جاگیردار و سرمایہ داروں کا کلب ہیں۔جماعت اسلامی کی قیادت اخلاص اور دیانتداری کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتی ہے۔ سابق میئر عبدالستار افغانی، نعمت اللہ خان اور سراج الحق کا کام و کردار پوری قوم کے سامنے ہے۔

کراچی میں حافظ نعیم الرحمٰن بھی انہی کے نمائندے ہیں اس لیے کراچی تا کشمور سندھ میں قیام امن اور تعمیر و ترقی کے لیے 8 فروری کے انتخابات میں دیانتدار نمائندوں کو منتخب کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹھی تھرپارکر میں انتخابی ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی امیر نے ضلعی ذمے داران کے اجلاس میں انتخابی مہم کا جائزہ اور الخدمت ہسپتال کا دورہ بھی کیا،ایڈمنسٹریٹر سبحان سمیجو نے بریفنگ اورکارکردگی رپورٹ پیش کی۔

امیر ضلع و پی ایس 54 کے امیدوار میر محمد بلیدی نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی کامیاب ہوکر مٹھی سمیت پورے تھرپارکر کے لوگوں کو روزگار صحت تعلیم سمیت زندگی کی تمام ضروریات کو پورا کرے گی۔ اقتدار کے بغیر بھی جماعت اسلامی روزگار تعلیم صحت کے میدان میں تھر کے عوام کی خدمت کر رہی ہے خدمت کا موقعہ ملا تو زیادہ خدمت کریں گے اس لیے عوام 8 فروری کو ترازو پر ٹھپہ لگاکر قومی دولت کی لوٹ مار کرنے والے ٹولے کو شکست دیں۔

پیپلزپارٹی 15سال سندھ میں اقتدار کے مزے لوٹتی رہی لیکن سندھ کے لوگ صحت، تعلیم ،صاف پانی،امن وامان اور روزگار کیلئے ترس گئے،شہرہوں یا دیہات ہر جگہ ڈاکو راج مسلط رہا جبکہ حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے نمائندے ملک اور بیرون ممالک جائیدادیں بنانے اور اپنی عیاشیوں میں مصروف تھے،پندرہ سال کسی بھی قوم اور صوبے کی تقدیر بدلنے کیلئے کافی ہوتے ہیں آج وہی لوگ ایک بار پھر عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے سنہرے خواب اور دلپذیر نعروں سے میدان میں نکلے ہوئے ہیں لیکن سندھ کے عوام ان کو پہچان چکے اب وقت آگیا ہے کہ جھوٹے نعرے اور وعدے کرنے والوں کا ووٹ کے ذریعے سے احتساب کیا جائے۔

جماعت اسلامی اپنے دیانتدار امیدواروں کے ساتھ میدان میں موجود ہے ہر موقع پر سندھ کے لوگوں کی خدمت کی ہے اب عوام اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کریں تاکہ ملک اور اپنے آنے والی نسلوں کا مستقبل روشن ہوسکے۔