صنم جاوید کو الیکشن لڑنے کیلئے انتخابی نشان الاٹ

2 قومی اور ایک صوبائی حلقے میں الیکشن لڑنے کیلئے انتخابی نشان الاٹ کردیئے گئے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 جنوری 2024 11:26

صنم جاوید کو الیکشن لڑنے کیلئے انتخابی نشان الاٹ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 جنوری 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید خان کو 2 قومی اور ایک صوبائی حلقے میں الیکشن لڑنے کیلئے انتخابی نشان الاٹ کردیئے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آزاد امیدوار صنم جاوید خان کو ریٹرننگ افسروں نے دو قومی اور ایک صوبائی حلقے میں الیکشن لڑنے کیلئے انتخابی نشان الاٹ کردیئے، ریٹرننگ افسروں کی جانب سے حلقہ این اے 119 سے ریکٹ، این اے 120 سے تصویر والا فریم اور پی پی 150 سے تکیہ کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا، حلقہ این اے 119 میں صنم جاوید کے مدمقابل مریم نواز ہیں جہاں ان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے صنم جاوید کے کاغذات مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے انہیں تینوں حلقوں میں الیکشن لڑنے کا حکم جاری کیا تھا۔

(جاری ہے)

لاہور کے تین حلقوں این اے 119، این اے 120 اورپی پی 150 سے حصہ لینے والی پی ٹی آئی کی امیدوار صنم جاوید کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو بتا دو میں میدان میں آ گئی ہوں، میری انتخابی مہم میری فیملی چلائے گی، مریم نواز کا مقابلہ میرے لئے عوام کرے گی، مریم نواز نے ہمیشہ ویڈیو ریکارڈنگ کی سیاست کی ہے، جب ان پر برا وقت آتا ہے تو وہ باہر بھاگ جاتی ہیں۔

ہم اور ہمارا لیڈر اپنے ملک میں رہ کر عوام کی خاطر جیلوں میں سزا کاٹ رہے ہیں، ہمارے لیڈر نے شوگر ملز نہیں بنائی نہ کوئی کرپشن کی، غریب عوام کی فلاح کیلئے کام کیا، ہم نے یونیورسٹیاں بنائیں، عوام آج بھی صحت کارڈز کو نہیں بھولے، صحت کارڈ ہمارے لیڈر کے دور اقتدار کی کارکردگی تھی۔ قبل ازیں انسداد دہشتگردی عدالت میں صنم جاوید کی مسلم لیگ (ن) آفس جلانے کے کیس میں بعد از گرفتاری ضمانت کیس کی سماعت ہوئی ،انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید چدھڑ نے کیس کی سماعت کی اورصنم جاوید کی ضمانت پر فیصلہ سنانے کیلئے آئندہ سماعت 29 جنوری تک ملتوی کر دی، صنم جاوید کی مسلم لیگ ن آفس جلانے کے کیس میں بعد از گرفتاری ضمانت پر کارروائی مکمل ہو گئی ہے جس کے بعد عدالت درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔