ًٹنڈوالہ یار ، پی ایس 58 پر عوامی تحریک کے نامزد امیدوار سائیں بخش جروار کی انتخابی مہم

سندھ کی زمینیں اور وسائل بچاؤ سندھ بچاؤ کے نعرے سے پرجوش ریلی

اتوار 28 جنوری 2024 19:40

۴ ٹنڈوالہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2024ء) ٹنڈوالہ یار کے پی ایس 58 پر عوامی تحریک کے نامزد امیدوار سائیں بخش جروار کی انتخابی مہم، سندھ کی زمینیں اور وسائل بچاؤ سندھ بچاؤ کے نعرے سے پرجوش ریلی۔ پیدل ریلی اکبر ہائوس نزد کنبھر ہوٹل، چمبڑ روڈ سے شروع ہو کر مختلف بازاروں اور چوکوں سے ہوتی ہوئی شاہ لطیف گیٹ پہنچی، جہاں ریلی نے ایک بڑے عوامی اجتماع کی شکل اختیار کی۔

جس کی قیادت عوامی تحریک کے مرکزی صدر لال جروار، مرکزی جنرل سیکرٹری نور احمد کاتیار، پی ایس 58 کے امیدوار سائیں بخش جروار، سندھیانی تحریک کی رہنما سیما منگہرہار، ثریا کہوسو، ڈاکٹر عبدالرحمن سموں، عبداللہ منگھنہار اور دیگر رہنماؤں نے کی. ریلی کے بعد عوامی تحریک کے رہنمائوں نے ٹنڈوالہٰیار شہر اور تحصیل کے مختلف علاقوں؛ گاؤں خیر محمد جروار، ہالیپوٹہ اسٹاپ، ٹالپور اسٹاپ، نصرپور، بھارمیرجت اسٹاپ، ھڑی اسٹاپ، ٹنڈو سومرو، شاہ پور رضویہ سمیت ٹنڈوالہٰیار شہر اور گردونواح کے مختلف دیہات کا دورہ، کارنر میٹنگز کی گئیں، ٹنڈوالہٰیار کے مکینوں کی جانب سے بھرپور ساتھ دینے کا عزم، غلیل پر مہر لگانے کا اعلان. اس موقع پر عوامی تحریک کے مرکزی صدر لال جروار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی زمینوں پر عسکری اداروں کے بجائے مقامی بے زمین کسانوں کا حق ہے۔

(جاری ہے)

عوام ان امیدواروں سے پوچھیں جو سندھ کی زمینوں پر قبضے کے خلاف جدوجہد نہیں کرتے۔ پیپلز پارٹی کے حکمران عوام کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما فضل اللہ پیچوہو جام صاحب مائنر بند کرنے کی دھمکیاں دے کر عوام کو بلیک میل کر رہے ہیں۔ عوام پیپلز پارٹی کی دھمکیوں سے نہ گھبرائیں، زرداری مافیا کا بھی ضیائ مارشل لائ کی طرح خاتمہ ہوجائیگی۔

انہوں نے کہا کہ مختلف اخباری رپورٹس کے مطابق جے ڈی اے نے ڈکٹیٹر مشرف جیسا بلدیاتی نظام لانے کا اعلان کیا ہے۔ آئین توڑنے والے ڈکٹیٹر مشرف کے نظام کو جے ڈی اے نے انتخابی منشور میں شامل کر کے ثابت کیا ہے کہ پیپلز پارٹی، جے ڈی اے اور مسلم لیگ (ن) ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور تمام حکمران جماعتیں اپنے ذاتی گروہی اور خاندانی مفادات کو قومی اور عوامی مفادات سے زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔

حقیقی عوام دوست اور عوام کی نمائندہ جماعت عوامی تحریک ہے، عوامی تحریک کے نامزد امیدوار ایڈوکیٹ سائیں بخش جروار کو ووٹ دیں جن کا انتخابی نشان غلیل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت بھی پیپلز پارٹی کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ سندھ بیچ کر اقتدار حاصل کرنا پیپلز پارٹی کا اصل ہدف ہے۔ نگران حکومت سندھ کے وسائل کی لوٹ مار کر رہی ہی. انہوں نے کہا کہ جاگیروں کو ختم کر کے کسانوں کو زمینیں دینے کے لیئے، عوامی تحریک کے امیدوار کو ووٹ دیں۔

عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکرٹری نور احمد کاتیار نے بڑھتی ہوئی لاقانونیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں آئین و قانون معطل ہے۔ ٹنڈو آدم میں لڑکی سے اجتماعی زیادتی کرنے والے ملزم سے پولیس نے پیسے لے لیے اور ملزم کو چھوڑ کر دوسری لڑکیوں سے زیادتی کرنے کی چھوٹ دیدی تاکہ وہ دوسری لڑکیوں سے بھی زیادتی کر کے پولیس کو پیسے کھلاتے رہے۔ سائیں بخش جروار، عبدالرحمن سموں، عبداللہ منگنہار اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ جرگہ سسٹم جمہوریت پر سیاہ دھبہ ہے۔ عوامی تحریک قانون اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد کے میدان میں ہے۔