ایم کیو ایم پاکستان نے ضلع سانگھڑ میں جی ڈی اے کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا

منگل 30 جنوری 2024 15:01

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2024ء) ایم کیو ایم پاکستان نے ضلع سانگھڑ میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا، ایم کیو ایم کے ضلع سانگھڑ کے تمام امیدوار جی ڈی اے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق ضلع سانگھڑ کے ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار قومی اسمبلی کے 2 اور صوبائی اسمبلی کے 5 حلقوں سے جی ڈی اے امیدواران کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔

اس بات کا اعلان ایم کیو ایم پاکستان سانگھڑ کے ضلعی انچارج محمد عارف شیخ نے ٹنڈوآدم کے زونل آفس میں امیدواروں کی موجودگی میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں جو اتحاد بنا ہے اس میں جی ڈی اے، ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں، جہاں جس پارٹی کی اکثریت ہوگی وہاں دوسری جماعتیں ان کی حمایت کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کے حکم پر ہم نے ضلع سانگھڑ میں جی ڈی اے کے تمام امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

این اے 209 سانگھڑ 1 پر جی ڈی اے امیدوار محمد خان جونیجو، این اے 210 سانگھڑ 2 پر سائرہ بانو، پی ایس 40 سانگھڑ 1 پر غلام دستگیر راجڑ، پی ایس 41 کھپرو پر شمس الدین راجڑ، پی ایس 42 پر جام نفیس علی خان، پی ایس 43 پر نیاز حسین مری اور پی ایس 44 شہدادپور پر محمد بخش خاصخیلی کے حق میں دستبردار ہوکر ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور انہیں کامیاب کرائیں گے۔