سکھر ، ملک برادری کا سید خورشید احمد شاہ سمیت پیپلز پارٹی کے تمام امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان

منگل 30 جنوری 2024 22:54

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2024ء) سکھر کی ملک برادری نے سابق وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ سمیت پیپلز پارٹی کے تمام امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے سکھر میں ملٹری روڈ پر ملک برادری کی جانب سے جلسے کا اہتمام کیا گیا جس میں حلقہ این اے 201 سکھر ون سے پیپلز پارٹی کے امیدوار سید خورشید شاہ نے شرکت کی ۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ لیڈر وہی ہوتا ہے جو ہمیشہ دکھ سکھ میں اپنی عوام کے ساتھ کھڑا رہے ۔ جلسہ میں ملک برادری جماعت کے بانی ملک محمد رضوان الحق، ملک فلاحی جماعت کے چیئر مین ملک محمد اویس رئیس، ملک برادری جماعت کے چیئرمین ملک محمد فہد رضوان ، ملک محمد جاوید، ملک اجمل، ملک زاہد، ملک عبدالحمید، ملک راشد، ملک مجید،ملک انور، ملک ارشد، سمیت برادری کے تمام معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک برادری کے بانی ملک محمد رضوان الحق نے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ملک فلاحی جماعت کے چیئرمین ملک محمد اویس رئیس و ملک محمد فہد رضوان نے کہا کہ ملک برادری کے بانی رضوان الحق کی ہدایت پر پوری برادری پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز این اے 200 کے امیدوار نعمان اسلام شیخ ، این اے 201 سے سید خورشید احمد شاہ ، پی ایس 24 سے سید فرخ شاہ ، پی ایس 25 کے امیدوار سید ناصر حسین شاہ ، پیپلز پارٹی کے جام اکرام اللہ اویس قادر شاہ کو ووٹ دیکر کامیاب کریگی ۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے ۔ اس موقع پر ملک برادری کی جانب سے تمام مہمانان کو سندھ کے روایتی تحائف بھی پیش کئے۔