صوبہ بھر میں انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی سخت مانیٹرنگ جاری،متعددافرادپر جرمانے عائد،الیکشن کمشنرسندھ اعلامیہ

بدھ 31 جنوری 2024 22:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2024ء) عام انتخابات 2024 کے سلسلے میں سندھ بھر میں انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔ دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ، کراچی میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ آئوٹ ریچ ونگ سے بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق خلاف ضابطہ اقدامات پر جرمانے اور نوٹس جاری کردیئے گئے، اس سلسلے میں خیرپور میں پیپلزپارٹی کی امیدوار نفیسہ شاہ کو خلاف ضابطہ سونے کا تاج پہنانے پر محکمہ خوراک کے ملازم اکبر لاشاری کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے پچاس ہزار جرمانہ عائد کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کی ہدایات جاری کردی ہیں جبکہ حیدرآباد میں این اے 218 اور پی ایس 60 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار طارق شاہ جاموٹ اور جام خان شورو کو بغیر اجازت نسیم نگر چوک پر انتخابی کیمپ قائم کرنے پرنوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی گئی ہے، گھوٹکی میں سرکاری ملازمین اور بلدیاتی نمائندوں کو انتخابی مہم چلانے پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہے، کراچی ایسٹ میں چیئرمین ٹائون میونسل کمیٹی چنیسر فرحان غنی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کراچی سینٹرل ، ویسٹ ، کورنگی ، ملیر ، شہید بینظیر آباد، سکھر، میرپورخاص اور دادو میں الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے خلاف ضابطہ سائن بورڈ، پینا فلیکس، پوسٹر اور بینرز ، جھنڈوں سمیت تمام دیگر تشہیری مواد عوامی گذر گاہوں، پبلک پارکس، سرکاری عمارتوں اور ٹریفک اشاروں سے ہٹوادیا ہے ۔صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی کسی صورت خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور پر امن انعقاد کے لیئے الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی پوری قوت کے ساتھ مصروف عمل ہے۔