تبدیلی سرکار نے ملک کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ‘چوہدری برجیس طاہر

جب بھی (ن) لیگ کی حکومت آئی تعمیر و ترقی کے ریکارڈ کام شروع ہو جاتے ہیں

جمعرات 1 فروری 2024 13:35

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2024ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ، حلقہ این اے 111 سے امیدوار چوہدری محمد برجیس طاہر ہے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جب بھی حکومت آتی ہے تعمیر و ترقی کے ریکارڈ کام شروع ہو جاتے ہیں ،مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور ملک میں دہشت گردی کی لہر کا خاتمہ کیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 111 اور پی پی 132 کے مختلف دیہاتوں میں کارنر میٹنگ اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر پی پی 132سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میاں اعجاز حسین بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ سال 2018ء میں اگر نواز شریف کو نہ نکالا جاتا تو آج ملک ترقی کی منازل طے کر چکا ہوتا مگر تبدیلی سرکار نے ملک کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ،آج مہنگائی ، لا قانونیت ،بے روزگاری عام ہے اس کی ذمہ دار تحریک انصاف ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں شیر پر ٹھپہ لگا کر نواز شریف کو اقتدار میں لائیں تا کہ مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر سے تعمیر و ترقی کا آغاز پھر وہاں سے شروع کرے گی جہاں سے یہ سلسلہ ختم ہوا تھا ۔

اس موقع پر میاں اعجاز حسین بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8فروری آگیا ہے اور لیگی ورکروں اور ووٹروں کو گھروں سے باہر آ کر شیر پر ٹھپہ لگائیں تا کہ میاں نواز شریف چوتھی بار ملک کے وزیر اعظم بن سکیں کیوں کہ میاں نواز شریف ملک کی ترقی کا نام ہے۔