Live Updates

جنہیں ماضی میں صادق اور امین قرار دیا گیاوہ آج چور ثابت ہوگئے ،عابد شیرعلی

جمعرات 1 فروری 2024 16:15

جنہیں ماضی میں صادق اور امین قرار دیا گیاوہ آج چور ثابت ہوگئے ،عابد ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 102 فیصل آباد نے کہا کہ جن کو ماضی میں صادق اور امین قرار دیاگیا تھا آج وہ چور ثابت ہو گئے ہیں،عوامی جلسہ عام میں سائفر لہرانا قومی حساسیت کو اچھالنے کے مترادف تھا۔جمعرات کی دوپہر اپنے ڈیرے پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جاوید ہاشمی نے بھی ایک پیپر ہی لہرایاتھاتو اسے 24سال سزا بھگتنی پڑی۔

انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی کو 14سال قید کی سزا انتقامی کاروائی نہیں ہے، ابھی تو القادر ٹرسٹ کا فیصلہ آنا باقی ہے جو 70ارب روپے کی چوری کا کیس ہے ۔انہوں نے کہاکہ فرح گوگی کوملک سے فرار کروایا گیا جبکہ عمران خان برطانیہ کے قانون کی مثالیں دیتے ہیں، اب عمران کی کرپشن کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب چوری ثابت ہو گئی ہے،اب فرح گوگی کو بھی واپس بلایا جا نا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ایک وقت تھا جب انہیں گڈ ٹو سی یو کہا جاتا تھا جبکہ کسی غریب کو کبھی نہیں کہا گیا جبکہ اب ایسا نہیں ہو گا۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی کارکردگی موٹر ویز اور سی پیک ہے اس کی بنیاد پر ووٹ مانگیں گے۔ ۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف نے جب معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے عمران سے ہاتھ ملانے کا کہا تو عمران خان نے صاف انکار کر دیا ،انہوں نے آ ئی ایم ایف کے پاس سارا ملک گروی رکھ دیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ2017میں نواز شریف پر ظلم کر کے اسے نہ نکالا جاتا تو آج ملک کچھ اور ہوتا۔انہوں نے کہاکہ شیخ رشید نے خود مہنگائی کے بارے میں کہا کہ ہم نے بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں ان سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ نواز شریف کبھی بھی سیاسی انتقام کے قائل نہیں رہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والوں نے حساس اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کیلئے بیرون ممالک سوشل میڈیا ونگز بنائے ہوئے ہیں۔

9مئی والے دن جتنا نقصان انہوں نے ملک اوراداروں کو پہنچایا اتنا تو دشمن بھی نہیں آج تک پہنچا سکا۔انہوں نے کہاکہ ہمارا اور ڈاکوؤں کا کردار عوام کے سامنے ہے،ہم اپنے کردار پر الیکشن لڑیں گے۔پٹرول،بجلی وگیس کی قیمت بڑھنے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جب ہم اقتدرار میں آئیں گے تو بجلی،گیس، پٹرول کی قیمتیں کم اورمہنگائی ختم کم کریں گے۔اس موقع پر مسلم لیگی رہنما طاہر جمیل اور خواجہ رضوان بھی موجود تھے۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات