میڈیا ہائوسزضابطہ اخلاق پرعمل کرتے ہوئے عام انتخابات کی کوریج کی تیاریوں میں مصروف

جمعرات 1 فروری 2024 18:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2024ء) ملک بھر کے میڈیا ہائوسز الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی وسیع کوریج فراہم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں،سرکردہ نیوز چینلز اور اخبارات نے اس اہم انتخابی عمل کے دوران منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے منصوبندی کرلی ہے۔

اپنی گفتگو میں پی ٹی وی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی نعمان شبیر نے صحافتی اقدار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم ناظرین کو درست اور بروقت معلومات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جبکہ ای سی پی کی جانب سے مقرر کردہ ضابطہ اخلاق کا بھی احترام کرتی ہے۔ نعمان شبیر نے انتخابات کی رپورٹنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ساتھی صحافیوں پر زور دیا کہ وہ خاص طور پر انتخابی نتائج پیش کرتے وقت احتیاط برتیں ۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایک سندھی اخبار ''ڈیلی پاک کراچی''نے صحافت کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی لگن کا اظہار کیا۔ ایڈیٹر انچیف غلام نبی چانڈیو نے قارئین کو یقین دلایا کہ یہ اشاعت غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انتخابات کا احاطہ کرے گی۔ چانڈیو نے مذید کہا کہ عوام غیر جانبدارانہ خبریں دینے کے لیے ہم پر انحصار کرتے ہیں اور ہم اس ذمہ داری کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔

انتخابات کو کور کرنے کے اپنے ماضی کے تجربات پر روشنی ڈالتے ہوئے تجربہ کار صحافیوں نے اس طرح کی کوششوں س متعلق اپنی رائے کا اظہار بھی کیا۔ اے پی پی کے سینئر رپورٹر سید کرم علی شاہ نے کہا کہ انتخابات ہماری صحافتی اخلاقیات اور سچائی سے وابستگی کا امتحان ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا آئوٹ لیٹس کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ ان پر کئے جانے والے اعتماد کو برقرار رکھیں اور خاص طور پر اس اہم موقع پر سنسنی خیزی سے بچیں۔چونکہ قوم عام انتخابات کا انتظار کر رہی ہے، شہری جمہوریت اور صحافتی اقدار اور اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے میڈیا اداروں سے جامع کوریج کی توقع کر سکتے ہیں۔ صحافیوں اور میڈیا اداروں کی اجتماعی کوششوں سے عوام انتخابی عمل کے دوران باخبر رہ سکتے ہیں۔