سنی رابطہ کونسل اور پاکستان راہ حق پارٹی نے جمعیت علما اسلام کے امیدوار حافظ ارمان احمد چوھان کی حمایت کا اعلان کر دیا

ہفتہ 3 فروری 2024 21:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2024ء) سنی رابطہ کونسل اور پاکستان راہ حق پارٹی نے جمعیت علما اسلام (س) پاکستان کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 220 حیدرآباد حافظ ارمان احمد چوھان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔سنی رابطہ کونسل کے ضلعی امیر مفتی سعید احمد قدوسی کی زیرصدارت عثمانیہ مسجد میں ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں جمعیت علما اسلام (س)ضلع حیدرآباد کے امیر مولانا عبدالواحد خان سواتی، قاری ابراہیم قریشی، حافظ ارمان چوہان، قاری سعداللہ خان، پاکستان راہ حق پارٹی کے ضلعی صدر آصف غنی، کامران میمن، سنی رابطہ کونسل کے ضلعی جنرل سیکریٹری محرم دین فاروقی، سٹی کے صدر اسماعیل قریشی، جنرل سیکریٹری سہیل قریشی، محمد اللہ قریشی، قاری عبدالغفار و دیگر ذمہ دار شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکا نے پاکستان راہ حق پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات انجینئر اشرف میمن اور سنی رابطہ کونسل سندھ کے صدر مولانا ثنا اللہ حیدری کی ہدایات کے مطابق حیدرآباد کے حلقہ این اے 220 سے جمعیت علما اسلام (س) کے امیدوار حافظ ارمان احمد چوہان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور حیدرآباد کے تمام کارکنوں اور ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ وہ سیڑھی کے نشان کی بھرپور تشہیر کریں اور 8 فروری کو سیڑھی کے نشان پر مہر لگا کر حافظ ارمان احمد کو کامیاب بنائیں۔