عوام بلاول بھٹو زرداری کوکامیاب کروائیں،وہ شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو مکمل کریں گے، عمر رحمان ملک

اتوار 4 فروری 2024 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی اسلام آباد کے ڈیجیٹل ہیڈ و سابق مشیر وزیر اعلی سندھ عمر رحمان ملک نےکہا ہے کہ عوام عام انتخابات میں بلاول بھٹوزرداری کو کامیاب کروائیں، وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیربھٹو کے مشن کو مکمل کریں گے۔ یوسی 229 پی پی 160 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک نئی سوچ کے ساتھ ملک و عوام کی خدمت کرنے کا عزم لے کر نکلے ہیں،ہم پرانے سیاستدانوں کی طرز پر سیاست نہیں کر رہے، جو وعدہ کر کے اپنے علاقہ کے لوگوں کی خبر تک نہیں لیتے، انہوں نے کہا کہ آج اس علاقے کی بدترین حالت دیکھ کر بہت دکھ ہوا،ہم وعدہ کرتے ہیں بلاول بھٹو زرداری کو کامیاب کروائیں ، علاقہ کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھ کر حل کرینگے، پیپلزپارٹی عوامی معاشی معاہدہ پر عملدرآمد کرکے عوام کو ریلیف دے گی، ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بینظیر انکم سپورٹ کو وسعت دے گی،پروگرام وسیلہ حق کے تحت غریب و مستحقین عورتوں کو بلا سود قرضے فراہم کئےجائیں گے،بلاول بھٹو زرداری حلقہ میں صاف پانی اور بہترین سہولیات فراہم کریں گے، 8 فروری کو عوام تیر پر مہر لگا کر پیپلز پارٹی کو کامیاب کروایں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علی رحمان ملک، سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس پی پی پی وسطی پنجاب احسن رضوی،محسن حسن ، حاجی حنیف جٹ، ریاض جٹ و دیگر بھی موجود تھے ۔