ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے، خواجہ فاروق احمد

پیر 5 فروری 2024 22:43

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2024ء) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزادجموں وکشمیر قانون سا زاسمبلی کے خصوصی اجلاس ے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ آج کے دن کو پاکستان کے عوام اور حکومتیں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر مناتی ہیں۔ مملکت پاکستان کی مالی ، سیاسی اور سفارتی مشکلات کے باوجود ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کمٹمنٹ کا اعادہ کیا ہے اور کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے۔ ایک مضبوط پاکستان ہی بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتا ہے اور اسکا پاکستان نے گزشتہ 75سالوں سے اعادہ بھی کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں کشمیر کے معاملہ پر ایک ہیں ۔ آج کے دن ہم اپنے تمام سیاسی اختلافات بھلا کر لائن آف کنٹرول کے اس پار کشمیری عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بیس کیمپ کی حکومت اور عوامی آزادی کی اس جدوجہد میں ان کی پشت پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ دن دور نہیں کہ ہم سرینگر کے لال چوک میں پاکستان کا جھنڈا لہرائیں گے ۔