این اے 209 سانگھڑ 1 ون پر شازیہ مری اور محمد خان جونیجو کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع

منگل 6 فروری 2024 13:09

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2024ء) عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 209 سانگھڑ 1 ون پر پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار سابق وفاقی وزیر و مرکزی اطلاعات سیکریٹری پی پی پی شازیہ عطا مری اور فنکشنل مسلم لیگ کے نامزد امیدوار اور ایم کیو ایم سمیت مختلف جماعتوں کے حمایت یافتہ امیدوار سابقہ ایم این اے اور پیپلز پارٹی سے راہیں جدا کرکے جی ڈی اے میں شمولیت اختیار کرنے والے امیدوار محمد خان جونیجو کے درمیاں ون ٹو ون اور کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔

اس علاقے میں دونوں امیدواران کے پوزیشن بہت مضبوط نظر آرہی ہے۔ یہ حلقہ شروع سے فنکشنل مسلم لیگ کا مرکز رہا ہے جبکہ گزشتہ الیکشن میں شازیہ مری نے حلقے سے پیپلز پارٹی کی امیدوار کے طور پہلی مرتبہ اپنی جماعت کو یہ سیٹ دلوائی تھی۔

(جاری ہے)

اس حلقے میں اس بار بھی کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ قومی اسیمبلی کے اس حلقہ پر کل ووٹرز کی تعداد 607638 ہے جس میں خواتین ووٹر کی تعداد 281283 اور مرد ووٹر کی تعداد 326355 ہے۔

یہاں پر مجموعی طور پر 442 پولنگ سٹیشنز بنائی جائیں گے۔ ادھر رابطہ کرنے پر "اے پی پی" سے گفتگو کرتے ہوے شازیہ عطا مری نے بتایا کہ ہم نے یہاں اچھڑو تھر سمیت شہری علاقوں میں عوام کو وہ ساری بنیادی سھولیات فراہم کی ہیں جو گذشتہ 70 سال میں نہیں دی گئی تھیں جبکہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد ضلع کے عوام کو ہسپتال کا تحفہ بھی دیں گے ۔ ۔ دوسری جانب جی ڈی اے کے امیدوار محمد خان جونیجو کا کہنا ہے کہ اگر ہم حکومت میں آئے تو یہاں ترقیاتی کاموں کا جال بچھائیں گے ۔