ای روزگار مرکز کا قیام، عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا، ڈاکٹر عمر سیف

مرکز کا قیام 10ہزار ای روزگار مراکز منصوبہ کی کڑی ،سالانہ 10 ارب ڈالرز کمانے کے عمل کا آغاز ہے، وزیر آئی ٹی کا تقریب سے خطاب

منگل 6 فروری 2024 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2024ء) نگراں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ ملک کے پہلے ای روزگار مرکز کا افتتاح کرکے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا،مرکز کا قیام 10ہزار ای روزگار مراکز منصوبہ کی کڑی ،سالانہ 10 ارب ڈالرز کمانے کے عمل کا آغاز ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے منگل کو اسلام آباد میں ملک کے پہلے ای روزگار مرکز کا افتتاح کردیا، ایکسل کنسلٹنگ سروسز کے زیر اہتمام این ٹی ایس بلڈنگ میں قائم جدید ترین ای روزگار مرکز کیلئے 10 ہزار مربع فٹ جگہ مختص کی گئی ہے جس میں فری لانسرز کیلئے تمام سہولیات سے آراستہ 100ورک اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جسے بعد میں 300 ورک اسٹیشنز تک توسیع دی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل سیکریٹری آئی ٹی عائشہ موریانی، ممبر آئی ٹی سید جنید امام، پراجیکٹ ڈائریکٹر عامر احمد، چیئرمین ای سی سروسز نذیر احمد قریشی سمیت وزارتِ آئی ٹی کے دیگر حکام اور فری لانسرز کی بڑی تعداد شریک تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ مرکز کے قیام سے ملک بھرمیں 10ہزار ای روزگار مراکز کے قیام کے منصوبے کا آغاز ہوگیا، اور ہم نے عوام سے کئے گئے ایک اور وعدے کی تکمیل بھی کردی ہے، جہاں ملک کے 15 لاکھ فری لانسرز میں سے نمایاں تعداد اور آنے والے نئے فری لانسرز کیلئے انتہائی کم کرائے پر آزادانہ طور پر کام کرنے کے بہترین مواقع مہیا کیئے جارہے ہیں۔

ان سہولیات میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، یوپی ایس،ٹریننگ سینٹر، انفرادی کیبنز، میٹنگ رومز اوراسٹارٹ اپس کیلئے الگ سے آفس رومز شامل ہیں۔ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ اس عظیم منصوبے کی تکمیل سے سالانہ 10 ارب ڈالرز تک آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوسکے گا اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ مراکز فری لانسرز کی صلاحیت اور آمدنی میں بھی نمایاں اضافہ کرسکیں گے، انھوں نے کہا کہ ای روزگار مراکز کے قیام کیلئے نجی شعبے اور ای مراکز قائم کرنے کے خواہشمند بلڈنگ مالکان کو وزیراعظم اسکیم کے تحت بلاسود قرضے فراہم کیئے جائیں گے جبکہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ ان مراکز کیلئے فری لانسرز فراہمی اور مطلوبہ تکنیکی معاونت کا ذمہ دار ہوگا۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ وعدے کے مطابق دیگر شہروں میں بھی ای روزگار مراکز تکمیل کے قریب ہیں، ہم نے پاکستان میں ڈیجیٹل ایکو سسٹم کیلئے تمام مطلوبہ اقدامات ، بین الاقوامی طور پر پاکستان کو "ٹیکنالوجی کی منزل" قرار دینے کیلئے تمام دستیاب فورمز کا استعمال اور آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر سے متعلق مشکل ترین فیصلے نگراں دور کی قلیل مدت میں کیئے ہیں، اور یہ سب خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کے اہم ترین فورم کی وجہ سے ہی ممکن ہوسکا ہے۔ آنے والی حکومت کیلئے سازگار ماحول اور ڈیجیٹل پاکستان کا مکمل روذ میپ بنادیا گیا ہے امید ہے پاکستان کی ڈیجیٹل اکنامی کے فروغ میں نومنتخب حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔