پیپلزپارٹی نے پریزائیڈنگ افسران کے تبادلوں پر سوالات اٹھا دیئے

بتایا جائے الیکشن سے ایک دن پہلے رات دیر گئے کس کے کہنے پر یہ تبدیلی ہوئی؟ چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر نوٹس لیکر پریزائیڈنگ افسران کے تبادلے منسوخ کریں۔ سابق صوبائی وزیر سعید غنی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 7 فروری 2024 11:25

پیپلزپارٹی نے پریزائیڈنگ افسران کے تبادلوں پر سوالات اٹھا دیئے
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 فروری 2024ء ) پاکستان پیپلزپارٹی نے پریزائیڈنگ افسران کے تبادلوں پر سوالات اٹھا دیئے۔ اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 237 میں الیکشن سے ایک دن قبل پریزائیڈنگ افسران کے تبادلوں پر تشویش ہے، بتایا جائے الیکشن سے ایک دن پہلے رات دیر گئے کس کے کہنے پر یہ تبدیلی ہوئی؟ چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر نوٹس لیکر پریزائیڈنگ افسران کے تبادلے منسوخ کریں کیوں کہ تبادلے شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔

دوسری طرف 8 فروری کے انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرتے ہوئے ملک بھر میں پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کا کہنا ہے کہ پولنگ سامان سخت سکیورٹی میں پریزائیڈنگ افسران کو فراہم کیا جا رہا ہے، پولنگ سامان پولیس کی سکیورٹی میں پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا جا رہا ہے، پولنگ سامان کی ترسیل شام 6 بجے تک مکمل کرلی جائے گی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ عام انتخابات کیلئے 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ الیکشن کیلئے ذمہ داریاں انجام دے گا، ملک بھر میں عوام کے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، عام انتخابات میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، ہر حلقے کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے جاری کیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے عام انتخابات میں فارم 45 کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام ریٹرنگ افسران اور پریزائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کر دیں، اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پریزائیڈنگ افسر فارم 45 پر خود اور پولنگ ایجنٹس سے لازمی دستخط کروائیں گے، تمام ریٹرننگ افسران اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ پریزائیڈنگ افسران فارم 45 تندہی سے تیار کریں، دستخط کے بعد پریزائیڈنگ افسران فارم 45 پولنگ اسٹیشن کے باہر آویزاں کریں گے، فارم 45 انتہائی محفوظ طریقے سے ریٹرننگ افسران کے حوالے کیا جائے گا، فارم 45 سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے پریزائیڈنگ افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ فارم کو انتہائی محفوظ طریقے سے ریٹرننگ افسران کے حوالے کیا جائے گا۔