Live Updates

صوبائی دارالحکومت میں قومی اسمبلی کے 4حلقوں میں کانٹے دار مقابلوں کا امکان

بدھ 7 فروری 2024 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2024ء) عام انتخابات 2024 میں لاہور سے قومی اسمبلی کی 14 نشستوں پر مختلف سیاسی مخالفین مدمقابل ہیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقوں میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6765089ہے جبکہ کل 266امیدوارمدمقابل ہیں ۔عام انتخابات میں جن حلقوں میں سخت مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے ان میں لاہور کے حلقہ این اے 119 میں مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز کا کا مقابلہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق کے ساتھ ہے جہاں رجسٹرڈووٹرز کی تعداد 492454ہے۔

لاہور کے حلقہ این اے 122 میں مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا مقابلہ آزاد امیداور سردار لطیف کھوسہ کے ساتھ ہے۔ 2018میں ضمنی انتخابات میں خواجہ سعد رفیق نے ہمایوں اختر خان کو شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

اس حلقے میں 565615ووٹر ز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔اسی طرح حلقہ این اے 127 میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مقابلہ مسلم لیگ (ن)کے رہنما عطا تارڑ سے ہے۔

اسی حلقے میں ظہیر عباس کھوکھر بطور آزاد امیدوارالیکشن لڑ رہے ہیں۔اس حلقے میں 519150 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ حلقہ این اے 130 میں مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف اور آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔سال2013کے عام انتخابات میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے 54ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ نواز شریف اس حلقے سے 91ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے۔اس حلقے میں ریلوے روڈ کے علاوہ ساندہ، اسلام پورہ اور دیگر علاقے شامل ہیں جہاں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 616117ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات