آصفہ بھٹو زرداری سمیت کئی رہنمائوں نے ووٹ کاسٹ کیا

الیکشن کے درمیان موبائل فون سروس بند کرنا اچھی بات نہیں، الیکشن کی شفافیت پاکستان کی معیشت کو بہتر کرے گی، خورشید شاہ

جمعرات 8 فروری 2024 16:01

آصفہ بھٹو زرداری سمیت کئی رہنمائوں نے ووٹ کاسٹ کیا
نوابشاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے نوابشاہ میں ووٹ کاسٹ کیا۔ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اپنے پیغام میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ووٹ ایک قومی فریضہ ہے، جسے میں نے تیر کے نشان پر مہر لگا کر ادا کر دیا ہے۔دریں اثناء سابق وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ نے پولنگ اسٹیشن واہڑ میں اپنا ووٹ کاسٹ کر لیا۔

پی ایس 36 سے پی پی امیدوار ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بھی ووٹ کاسٹ کر دیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے ایل بی او ڈی کالونی اسکول میں ووٹ ڈالا ہے۔دوسری جانب کراچی کے ڈپٹی میئر سلمان عبد اللہ مراد نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔سلمان عبداللہ مراد نے این اے 231 اولڈ تھانہ ملیر کے پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیا۔دریں اثناء پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ نے این اے 200 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 202 میں ووٹ کاسٹ کیا۔انہوں نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موبائل فون سروس ایمرجنسی یا خطرات میں بند کی جاتی ہے۔پی پی رہنما خور شید شاہ نے کہا کہ الیکشن کے درمیان موبائل فون سروس بند کرنا اچھی بات نہیں، الیکشن کی شفافیت پاکستان کی معیشت کو بہتر کرے گی۔