Live Updates

سعد رفیق نے شکست تسلیم کر لی، لطیف کھوسہ صاحب کو مبارکباد دے دی

عوامی فیصلے پر خوش دلی سے سرِ تسلیم خم، اللّٰہ کریم آنے والی پارلیمان کو متحد ہو کر قومی بحرانوں پر قابو پانے کی توفیق و تقویت عطا فرمائے۔سعد رفیق

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 9 فروری 2024 11:51

سعد رفیق نے شکست تسلیم کر لی، لطیف کھوسہ صاحب کو مبارکباد  دے دی
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 فروری2024 ء) لاہور کے حلقہ این اے 122 میں بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے مضبوط امیدوار خواجہ سعد رفیق کو سردار لطیف کھوسہ نے شکست دیدی ہے۔سعد رفیق نے اپنی شسکت تسلیم کر لی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ سردار لطیف کھوسہ صاحب کو دلی مبارکباد، سعد رفیق نے کہا کہ عوامی فیصلے پر خوش دلی سے سرِ تسلیم خم ،اللّٰہ کریم آنیوالی پارلیمان کو متحد ہو کر قومی بحرانوں پر قابو پانے کی توفیق و تقویت عطا فرمائے۔

این اے 122 سے آزاد امیدوار سردار لطیف کھوسہ ایک لاکھ 17 ہزار 109 لیکر کامیاب ہوئے جبکہ لیگی امیدوار خواجہ سعد رفیق 77 ہزار 907 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق الیکشن جیت گئے ہیں ان کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ اور سابق صوبائی وزیر پنجاب یاسمین راشد اس حلقے سے الیکشن ہار گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے حلقہ این اے 130میں171024ووٹ حاصل کئے جبکہ یاسمین راشد 115643ووٹ حاصل کر سکیں۔ ملک بھر میں عام انتخابات میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور ابھی تک قومی اسمبلی کے اب تک کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 21، مسلم لیگ (ن) نے 12 اور پیپلزپارٹی نے 8 نشستیں جیتی ہیں۔

الیکشن میں کئی برج الٹ گئے ہیں او ر نامور سیاستدانوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور سینئر نائب صدر مریم نواز، پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی، مراد علی شاہ اور نفیسہ شاہ نے کامیاب ہو گئے، جبکہ شیخ روحیل اصغر، عابد شیر علی، جہانگیر ترین اور پرویز خٹک ہار گئے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انجم عقیل خان این اے-46 اسلام آباد سے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق 39 ہزار 564 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات