جمعیت علما اسلام (س)کااین اے 220 کے ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے جاری کیے گئے نتائج پر تحفظات کا اظہار

ہفتہ 10 فروری 2024 21:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2024ء) جمعیت علما اسلام (س)ضلع حیدرآباد کی مجلس عاملہ کا اجلاس ضلعی امیر مولانا عبدالواحد خان سواتی کی زیرصدارت ہوا جس میں این اے 220 سے امیدوار حافظ ارمان احمد چوھان قاری سعداللہ خان، قاری ابراہیم قریشی، مولانا اشریف بنوری، صاحبزادہ عتیق الرحمن، قاری ضیا الرحمن، محمد علی شیح، حافظ عبدالوحید مغل، صابر قریشی، مولانا اختر مدنی و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حالیہ عام انتخابات میں این اے 220 کے ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے جاری کیے گئے نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا گیا، رہنماں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کے اکثر پولنگ اسٹیشن پر جمعیت علما اسلام(س)کی چوتھی اور پانچویں پوزیشن آرہی تھی جس کے حساب سے ہمیں ہزاروں ووٹ ملے ہیں مگر متعصب شخص کو آر او بنایا گیا جس نے پہلے تو ہمارے ساتھ زیادتی کرتے ہوئے ہمیں الیکشن ایجنٹ کا اتھارٹی لیٹر بھی جاری نہیں کیا ہمارے احتجاج اور متعلقہ اداروں میں شکایت کے بعد پولنگ سے کچھ گھنٹے قبل الیکشن ایجنٹ کے کارڈ دیے گئے اور پھر پولنگ پر بھی انتظامیہ مکمل جانبداری کا مظاہرہ کر رہی تھی اور جب 28 گھنٹے بعد آر او آفس سے رزلٹ جاری کیا گیا تو اس میں سے ہمارے ہزاروں ووٹوں کو کسی اور کے کھاتے میں ڈال دیا گیا ہم ان مصنوعی نتائج کو مسترد کرتے ہیں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کے ہمارے درست نتائج ہمیں دیے جائیں ورنہ ہم قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔