یوسف رضا گیلانی کے حلقے میں ساڑھے 12 ہزار سے زائد ووٹ مسترد کیے جانے کا انکشاف

این اے 148 ملتان میں تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر تیمور ملک کیخلاف یوسف رضا گیلانی صرف 293 ووٹوں سے فتح حاصل کر سکے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 10 فروری 2024 21:41

یوسف رضا گیلانی کے حلقے میں ساڑھے 12 ہزار سے زائد ووٹ مسترد کیے جانے ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 فروری2024ء) یوسف رضا گیلانی کے حلقے میں ساڑھے 12 ہزار سے زائد ووٹ مسترد کیے جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق این اے 148 ملتان میں تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر تیمور ملک کیخلاف یوسف رضا گیلانی صرف 293 ووٹوں سے فتح حاصل کر سکے، اس حلقے میں ساڑھے 12 ہزار ووٹ مسترد کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار این اے 148 بیرسٹر تیمور الطاف نے آر او کو دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی ،یوسف رضا گیلانی این اے 148 سے 293 ووٹوں سے کامیاب قرار پائے تھے ،این اے 148 کے 12 ہزار 693 ووٹ کو مسترد قرار دیا گیا تھا ۔

بیرسٹر تیمور الطاف نے کہاکہ جیت میری بنتی ہے نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس 99 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 موجود ہے جن کے مطابق مجھے یوسف رضا گیلانی پر 7 ہزار سے زائد کی برتری حاصل ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ ملتان کے ایک اور حلقے میں بھی ہزاروں ووٹ مسترد کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ این اے 151 ملتان سے 7 ہزار ووٹوں سے شکست سے دوچار ہونے والی پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار مہر بانو قریشی نے کہا ہے کہ اب جو نتائج آ رہے ہیں ان سے متعلق الیکشن کمیشن سے سوال کریں گے۔

جمعہ کے روز جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جب رات 1 بجے رزلٹ آنا بند ہوا تو سب کو باہر نکال دیا گیا۔ باقی 2 جماعتوں کے امیدوار اندر موجود تھے لیکن مجھے باہر نکال دیا گیا، اس سب کی ذمہ داری چیف الیکشن کمشنر پر عائد ہوتی ہے۔ مہر بانو قریشی نے کہا کہ ہم نے ہار کو ہمیشہ دل سے تسلیم کیا ہے لیکن جب ووٹر کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا جائے تو دفاع کرنا ہماری ذمہ داری ہے، میرے حلقے میں تاریخی ساڑھے 16 ہزارووٹ مسترد ہوا۔

مہر بانو قریشی نے کہا کہ پورے پاکستان میں کبھی اتنی بڑی تعداد میں ووٹ مسترد نہیں ہوا، واضح ہے کسی کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے ایسا کیا جا رہا تھا۔ واضح رہے کہ مہر بانو قریشی کو این اے 151 ملتان کی قومی اسمبلی نشست پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزدے سے تقریباً 7 ہزار ووٹوں سے الیکشن ہار گئیں۔