الیکشن نتائج مسترد ،جی ڈی اے کا سندھ اسمبلی کی نشستیں چھوڑنے ،16فروری کو حیدرآباد بائی پاس پر دھرنے کا اعلان

جب فیصلہ ہو چکا کہ سندھ پیپلز پارٹی کو دینا ہے تو یہ دو نشستیں بھی زرداری صاحب کو دے دیں،یہ اینٹی اسٹیٹ الیکشن تھا،پیرصاحب پگارا

پیر 12 فروری 2024 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2024ء) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای)نے سندھ اسمبلی کی دو نشستیں چھوڑنے اور16 فروری کو حیدرآباد بائی پاس پر دھرنے کا اعلان کر دیا۔پیرکوکراچی میں پیر پگارا کی زیر صدارت جی ڈی اے کااجلاس ہوا، اجلاس میں الیکشن کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سندھ کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال جاری ہے۔

سردار عبدالرحیم نے کہا کہ اجلاس میں سید صدرالدین شاہ، سید غوث علی شاہ، غلام مرتضی جتوئی، صفدر عباسی، لیاقت جتوئی، ارباب غلام رحیم، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، ایاز لطیف پلیجو، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور عرفان اللہ مروت بھی شریک ہوئے۔جی ڈی اے اجلاس کے بعد پیرصاحب پگارا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جو الیکشن ہوا بدترین حکومت کے بعد بھی یہ نتائج آئے ایسے الیکشن مسترد کرتے ہیں یہ اینٹی اسٹیٹ الیکشن تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے ایک دوست نے مشورہ دیا کہ جی ڈی اے ختم کردو مجھے کہا گیا زرداری کے ساتھ الائنس کر لو فنکشنل لیگ کو دو تین ایم این اے اور ایم پی اے مل جائیں گے، کہا گیا ایم کیو ایم کا پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں، ایم کیو ایم کا پی ٹی آئی سے جھگڑا ہے۔ میں نے کہا کہ جی ڈی اے ختم نہیں کر سکتا، کہا گیا کہ جی ڈی اے کے سامنے صفر اور ایم کیوایم کے سامنے 15 لکھا ہوا ہے۔

پیر پگارا نے الیکشن کو ریاست مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب فیصلہ ہو چکا کہ سندھ پیپلز پارٹی کو دینا ہے تو یہ دو نشستیں بھی زرداری صاحب کو دے دیں۔ بھٹو اور بے نظیر کے دور میں بھی پیپلز پارٹی نے سندھ میں اتنی نشستیں نہیں جیتی تھیں، یہ اینٹی اسٹیٹ الیکشن تھا، یہ ریٹرننگ افسران کا نہیں کسی اور کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ عزت و انصاف نہ ملے تو ہم پرامن احتجاج کریں گے۔

ہم قانون کے دائرہ میں رہ کر احتجاج کریں گے، ہمارے احتجاج میں ایمبولینس کو کوئی نہیں روکے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم کوئی خیرات کی سیٹس نہیں لیں گے۔ پیرپگارا نے الیکشن نتائج کیخلاف پرامن احتجاج کی کال دیتے ہوئے 16 فروری کو حیدرآباد بائی پاس پر دھرنے کا اعلان کر دیا۔انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی میرا رشتہ دار نہیں لیکن نوجوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔رہنما جی ڈی اے صفدر عباسی نے کہا کہ ہم اگلی حکومت نہیں چلنے دیں گے، جب تک شفاف انتخابات نہیں ہوتے ہم احتجاج کرتے رہیں گے۔جی ڈی اے رہنما صفدر عباسی نے کہا کہ ہمارے دو ارکان اسمبلی میں حلف نہیں لیں گے، ہم دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی رابطے کریں گے۔