(اپ ڈیٹ )

راولپنڈی ، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پی پی 19 کے آزاد امیدوار و سابق ایم پی اے عدنان چوہدری جان کی بازی ہارگئے، ڈرائیور زخمی

پیر 12 فروری 2024 22:05

4 راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2024ء) تھانہ سول لائن کے علاقے پولیس لائنز کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے حالیہ انتخابات میں حلقہ پی پی 19 کے آزاد امیدوار و سابق رکن صوبائی اسمبلی عدنان چوہدری جان کی بازی ہارگئے جبکہ ان کا ڈرائیور زخمی ہو گیا اطلاعات کے مطابق عدنان چوہدری اپنے ڈرائیور کے ہمراہ جا رہے تھے کہ پولیس لائن ہیڈکوارٹر کے سامنے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی عدنان چوہدری کی گردن، سینے اور چہرے پر گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے جن کی میت پوسٹمارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردی گئی جھنڈا چیچی کے رہائشی عدنان چوہدری 2018 کے انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور سوشل ویلفئیر و ریونیو پنجاب کے صوبائی پارلیمانی سیکریٹری بھی رہے تاہم 9 مئی کے واقعہ کے بعد انہوں نے تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا تھا اور 8 فروری کے حالیہ انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے حلقہ این اے 57 اور پی پی 19 سے الیکشن میں حصہ لیا تاہم کامیاب نہ ہو سکے متوفی کے پسماندگان میں بیوہ اور 3 بچے شامل ہیں۔