اتحادی جماعتوں کی حکومت عوامی مسائل حل کرے گی، شیخ آفتاب احمد

بدھ 14 فروری 2024 19:02

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2024ء) مسلم لیگ ن کے رہنما اورنو منتخب ممبر قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف اپنے بھائی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے، اتحادی جماعتوں کی حکومت عوامی مسائل حل کرے گی، این اے 49 کے عوام کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ،پہلے سے زیادہ عوام کی خدمت کروں گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر مسلم لیگ ن لیگ کے رہنما ڈاکٹر محمد اشرف بٹ،افتخار ڈار، سابق چیئرمین بلدیہ حضرو نزاکت خان، شیخ اجمل محمود ،حاجی احسان خان ،سیٹھ محمد رفیق بھولا اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ،شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی قیادت ثابت کرے گی کہ وہی پاکستان کوترقی و خوشحالی کی جانب لیجانے کی صلاحیت رکھتی ہے ، انہوں نے کہا کہ اٹک کے عوام نے حالیہ الیکشن میں جس طرح ہمارا ساتھ دیا اس پر ان کا مشکور ہوں،انہوں نے کہا کہ قوم میاں نواز شریف کے لیے خصوصی دعا کرے جن کی قیادت میں ملک ترقی کی جانب گامزن ہوگا، انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف ملک سے مہنگائی اوربےروزگاری ختم کریں گے۔