چند حلقوں کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل جاری

شہریوں کی قطاریں لگ گئیں‘ پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 15 فروری 2024 10:22

چند حلقوں کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 فروری 2024ء ) ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں رہ جانے والے چند حلقوں کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر خوشاب، خیبرپختونخوا میں کوہاٹ اور سندھ میں گھوٹکی کے چند پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا سلسلہ جاری ہے، ان حلقوں میں پولنگ اسٹیشنوں کے باہر ووٹرز کی قطاریں لگ چکی ہیں جہاں صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی اور امید ظاہر کی جارہی ہے کہ ان پولنگ اسٹیشنز کے نتائج پولنگ کے 24 گھنٹے میں جاری کر دیئے جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ پی کے این اے 88 خوشاب کے 26 پولنگ اسٹیشنز، پی کے90 کوہاٹ کے 8 اور پی ایس 18 گھوٹکی کے 2 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز دوبارہ حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، یہ دونوں پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس ہیں، جہاں رینجرز اور آرمی کو بھی تعینات کیا گیا ہے یہاں 8 فروری کو ان دونوں پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ روک دی گئی تھی، اسی طرح این اے 88 خوشاب کے 26 اور پی کے 90 کوہاٹ کے 8 پولنگ اسٹیشنوں پر بھی بے امنی کے واقعات پیش آئے تھے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ 8 فروری کو این اے 88 خوشاب میں مشتعل افراد نے آر او آ فس میں بیلٹ باکس کو آگ لگا دی تھی، پی کے 90 کوہاٹ میں مشتعل افراد کی توڑ پھوڑ کی وجہ سے پولنگ روکنا پڑی تھی، ان حلقوں میں پرتشدد، توڑپھوڑ اور بیلٹ پیپر ضائع کرنے کے واقعے کے بعد ری پولنگ کا حکم دیا گیا تھا جب کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ ٹانک کے حلقہ این اے 43 کے 6 پولنگ اسٹیشن پردوبارہ ووٹنگ اتوار کو شیڈول ہے تاہم آزاد امیدوار داوڑ کنڈی نے دوبارہ پولنگ کا حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔