انتخابی عذرداری کیس،پرویز الٰہی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ، قیصرہ الہی کی درخواست پر سماعت ملتوی

جمعہ 16 فروری 2024 15:48

انتخابی عذرداری کیس،پرویز الٰہی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ، قیصرہ الہی ..
اسلا آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2024ء) الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی پی پی 33 سے انتخابی عذرداری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ان کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی درخواست پر سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی۔تفصیلات کے مطابق ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی، پرویز الہی اور اہلیہ قیصرہ الہی کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت این اے 64 اور پی پی 33 کے ریٹرنگ افسران نے کمیشن میں رپورٹ جمع کرادی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت قیصرہ الٰہی کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ ہمیں بتایا گیا تھا کہ آج کیس کی سماعت ہوگی لیکن کیس نہیں لگا، انتخابات میں قیصرہ الٰہی ایک لاکھ جبکہ پرویز الٰہی 40 ہزار کی لیڈ سے جیت چکے ہیں۔انہوں نے کمیشن سے استدعا کیا کہ آپ ریٹرنگ افسر ان سے فارم 45 بھی مانگوائیں۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پرویز الہی کی پی پی 33 سے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ممبر الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیے کہ ہم قیصرہ الٰہی کی درخواست پر دلائل 20 فروری کو سنیں گے اور ان کی درخواست پر سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی۔